اسپیکر قومی اسمبلی کا پی ٹی آئی کے اجتماعی استعفے منظور کرنے سے انکار

 
0
149

اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے تحریک انصاف کے استعفوں کی اجتماعی منظوری سے صاف انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ایک کرکے پیش ہوں تصدیق کریں تو استعفے منظور ہوجائیں گے۔
قومی اسمبلی سے استعفوں کی منظوری حوالے سے پی ٹی آئی کا وفد اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کے لیے چیمبرپہنچا۔
پی ٹی آئی کے وفد میں سابق اسد قیصر ، قاسم خان سوری ، ملک عامر ڈوگر، امجد خان نیازی ، فہیم خان ، ڈاکٹر شبیر حسن لال ملی، عطا اللہ ،طاہر اقبال ،نیاز احمد جھکڑشامل تھے ،
پی ٹی آئی وفد نے اسپیکر قومی اسمبلی سے استعفوں کی منظوری کا مطالبہ دہراتے ہوئے موقف پیش کیا کہ پارٹی کا فیصلہ ہے کہ تمام ارکان نے استعفے دیئے ہیں، ہمارے استعفے منظور کیے جائیں۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے وفد نے مقف پیش کیا کہ ہم اجتماعی استعفی دیئے تاکہ عام انتخابات کی راہ ہموار ہو، کسی کی تفریح کیلئے استعفی نہیں دے کہ ایک ایک کرکے بلایا جائے۔
وفد نے کہا کہ پہلے بھی 11 استعفے غیر آئینی طریقے سے مںظور کئے گئے، سپریم کورٹ استعفی کی منظوری کا طریقہ کار واضح کر چکی ہے، سارے استعفے سابق ڈپٹی اسپیکر منظور کر چکے ہیں، اب استعفوں کی تصدیق کا نہیں الیکشن کمیشن کو بھیجنے کا عمل ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کا وفد سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سیاست میں دروازے بند نہیں کئے جاتے، رابطے ہونے چاہئیں۔
راجا پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ استعفوں کی منظوری کا فیصلہ آئین اور اسمبلی قواعد کے مطابق کیا جائے گا، استعفوں کے لئے تمام ممبران کو انفرادی طور پر بلایا جائے گا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پہلے بھی پی ٹی آئی ممبران کو تصدیق کے لئے مدعو کیا تھا، پی ٹی آئی کا ایک رکن استعفے کی منظوری روکنے کیلئے ہائی کورٹ چلا گیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے استعفوں کی اجتماعی منظوری سے صاف انکار کرتے ہوئے جواب دیا کہ ایک ایک کرکے پیش ہوں تصدیق کریں تو استعفے منظور ہوجائیں گے۔