کراچی، حیدرآباد میں حلقہ بندیوں کا نوٹیفکیشن واپس، محکمہ بلدیات کا سندھ الیکشن کمشنر کو خط

 
0
134

محکمہ بلدیات نے صوبائی الیکشن کمشنر سندھ کو خط لکھ کر بتایا ہے کہ کراچی اور حیدرآباد میں حلقہ بندیوں کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے۔

 محکمہ بلدیات کی جانب سے تحریر کیے گئے خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ سندھ کابینہ نے حلقہ بندیوں کا نوٹیفکیشن واپس لینے کی منظوری دی ہے، کراچی اور حیدرآباد میں بلدیاتی الیکشن نہ کرائے جائیں۔

خط میں کہا گیا کہ سیکشن 10 اے کے تحت حلقہ بندیوں کو ختم کیا گیا ہے، سندھ کابینہ کی ذیلی کمیٹی نئی حلقہ بندیوں کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔

محکمہ بلدیات نے موقف اختیار کیا ہے کہ متعلقہ اضلاع میں نئی حلقہ بندیوں کے تحت الیکشن کرائے جائیں گے۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ضلع دادو اس وقت بھی بارش اور سیلابی پانی سے متاثر ہے، دادو کی تحصیل میہڑ اور تحصیل خیرپور ناتھن شاہ میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کئے جائیں۔