’خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری تیار کر لی ہے‘

 
0
69
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ’خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری تیار کر لی گئی ہے۔‘
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’خیبر پختونخوا کے وزیراعلٰی اور ان کے رفقا نے آج زمان پارک آنا تھا  لیکن موسم کی خرابی کے سبب وہ نہیں آسکے۔‘
’وزیراعلٰی خیبر پختونخوا سے ٹیلی فون پر تفصیلی مشاورت ہوئی ہے اور انہوں نے بتایا کہ اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری تیار کر لی ہے۔‘
فواد چوہدری کے مطابق ’ہم انتظار کر رہے ہیں کہ پنجاب اسمبلی کی تحلیل ہو پھر خیبر پختونخوا اسمبلی کی تحلیل کی سمری بھیجی جائے گی۔‘
 گورنر پنجاب کو چاہیے کہ وہ مزید انتظار کیے بغیر اسمبلی تحلیل کر دیں۔ ’ہماری توقع ہے کہ گورنر 48 گھنٹے کا انتظار کیے بغیر فوراً اسمبلی تحلیل کر دیں گے تاکہ نگران حکومت کے قیام کا آئینی پراسیس شروع کیا جا سکے۔‘
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چاہتی ہے کہ پورے ملک میں ایک ہی دن میں انتخابات ہو۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ وفاقی حکومت الیکشن سے کتنی دیر بھاگے گی۔
’حکومت کو کہتا ہوں ابھی بھی وقت ہے الیکشن کے فریم ورک پر ہمارے ساتھ بیٹھے، پورے ملک میں ایک ہی وقت میں الیکشن ہونےچاہئیں، وفاقی حکومت عقل کو استعمال کر کے الیکشن کا فریم ورک طے کرے۔‘
فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف واپس آکر اپنے کیسز کا سامنا کریں۔
کراچی بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا 15 جنوری کو بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ درست ہے۔ اسلام آباد میں اب تک بلدیاتی انتخابات نہیں ہو سکے، رانا ثنا اللہ نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو جوتے کی نوک پر رکھا۔
فواد چودھری نےایم کیو ایم دھڑوں کو ’’ نئی برائلر ایم کیو ایم ‘‘ قرار دے دیا، انہوں نے کہا کہ تمام جماعتیں الیکشن سے بچنے کی کوششیں کر رہی ہیں، اگرالیکشن نہیں کرانا چاہتے تو پھر جمہوریت کا کوئی تصور نہیں رہ جاتا، کراچی، حیدر آباد میں شیڈول کے مطابق بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں۔