پرویزالٰہی نے پاکستان تحریک انصاف میں ضم ہونے کی تردید کردی

 
0
68

وزیراعلی پنجاب پرویز الٰہی نے پاکستان تحریک انصاف میں ضم ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ق لیگ پی ٹی آئی میں ضم نہیں ہورہی، ہمیں اپنے حلقے میں جاکر لوگوں سے مشورہ کرنا ہے، ایسے فیصلے سیاسی جماعتیں بیٹھ کرکرتی ہیں، یہ بات مونس الٰہی نے کردی تھی، عمران خان نے مجھے وزیراعلی بنایا ہے، میں ان کا احسان کیسے بھول سکتا ہوں۔

لاہور میں داتا دربار کے باہر پارکنگ پلازہ کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چودھری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ کوئی شک نہیں کہ عمران خان ہمارے لیڈر ہیں۔ انہوں نے مجھے وزیراعلی بنایا، میں ان کا احسان کیسے بھول سکتا ہوں۔ اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد جنرل الیکشن ہوگا۔اتحادی حکومت کا نام لیے بغیر انہوں نے کہا کہ ان کو جلد ہی جنرل الیکشن کرانا ہوگا۔
پرویز الٰہی نے کہا کہ ہم نے لاہور کو 20 ارب روپے سے زائد کا پیکیج دیا ہے۔ کل ہم نے 15 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا ہے، اس سے قبل ہم نے لاہور کو اپ گریڈ کرنے کا بڑا منصوبہ بنایا ہے۔انہوں نے کہا کہ شریف لاہور کے مامے بنتے ہیں، لیکن اس پر پیسے نہیں لگائے۔ انہوں نے کھانے پینے سے باز نہیں آنا۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ یہاں شریفوں اور رانا ثنا اللہ جیسے بے وقوفوں نے صرف لوگوں پر جھوٹے مقدمات درج کیے ہیں۔
اس سے فرق نہیں پڑتا یہ جتنے مرضی مقدمات درج کروا لیں، شکر کریں انہوں نے ابھی قتل کا مقدمہ درج نہیں کرایا۔ ان کو پتا نہیں کہ ملک ڈیفالٹ کی طرف جا رہا ہے۔ اس وقت بہت سے لوگ یہی سوچ رہے ہیں کہ ملک کو بچانے کے لیے جلد الیکشن کرائے جائیں۔انہوں نے اعلان کیا کہ داتا دربار کے صحن میں مسجد نبوی طرز کی چھتریاں لگائی جائیں گی۔ لنگر کے معیار کو بہتر کیا جائے گا جب کہ یہاں بزرگوں کے لیے اور پیدل چلنے والوں کے لیے بھی سہولت فراہم کی جائیں گی۔ساتھ ہی غیر ملکی زائرین کی آمد اور ان کی سہولیات کے لیے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔