جان کو خطرہ،چھپ کر بیٹھنے کے بجائے انتخابی مہم کیلئے سڑکوں پر نکلوں گا: عمران خان

 
0
127

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ قبل ازوقت الیکشن نہ کرائے گئے تو پاکستان کی معیشت سری لنکا کی طرح دیوالیہ پن کا شکار ہو جائے گی۔
غیر ملکی نشریاتی ادارے بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جان کو خطرہ ہے مگر چھپ کر بیٹھنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، انتخابات کا سال ہے، انتخابی مہم چلائیں گے، ہر صورت عوام کے ساتھ سڑکوں پر نکلیں گے، عوامی ریلیوں میں بلٹ پروف سکرین لگانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ حکومت اور اس کے ساتھ اتحادی چاہتے ہیں مجھے کسی طرح سے نا اہل قرار دیا جائے، نا اہلی کے لئے مخالفین اپنی تمام قوت کا استعمال کر رہے ہیں لیکن ایسا کوئی کیس نہیں جہاں انہیں نا اہل کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت اتنا سیاسی عدم استحکام ہے کہ معاشی استحکام ناممکن ہو چکا ہے جبکہ دوسرا بڑا خطرہ بڑھتی ہوئی شدت پسندی سے ہے، پاکستان میں معاشی استحکام صرف اور صرف صاف اور شفاف الیکشن کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سویلین حکومت کے پاس اگر ذمہ داری ہے تو اختیار بھی ان کے پاس ہی ہونا چاہیے، اگر ذمہ داری جمہوری حکومت کی ہو اور اختیار فوج کے پاس رہے تو کوئی سسٹم نہیں چل سکتا۔