ق لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین ہی ہیں، طارق بشیر چیمہ

 
0
132

پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ ق لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین ہی ہیں۔ 

چوہدری سالک حسین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے طارق بشیر چیمہ نے اس کی نفی کرتے ہوئے کہا کہ ق لیگ کے سنجیدہ لوگ چوہدری شجاعت حسین کے ساتھ ہیں۔ ق لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین ہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وقت آنے پر ظاہر کردیں گے کہ یہ ڈرامہ کیوں کیا جارہا ہے، انہوں نے اپنے آپ کو پی ٹی آئی میں کیوں ضم نہیں کیا۔

طارق بشیر چیمہ کا کہنا تھا کہ یہ غیر آئینی حرکت ہے، الیکشن کمیشن میں فیصلہ محفوظ ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور میں جنرل کونسل کی میٹنگ سے متعلق پیغام ملا ہے، ملک کی سیاست میں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کی جنرل کونسل کے اجلاس میں چاروں صوبوں کی نمائندگی ہوگی، الیکشن کمیشن میں فیصلہ محفوظ ہے، امید ہے فیصلہ جلد سنا دیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کا فیصلہ کارکنان کے حق میں ہوگا۔

ق لیگی رہنما نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین نے چوہدری پرویز الہٰی کی رکنیت معطل کی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں ضم ہوتے ہوتے عمران خان کے شانہ بشانہ الیکشن لڑنے پر آگئے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ دو مرتبہ وزیر اعلیٰ اور اسپیکر رہنے والے قابل احترام ہیں۔ پرویز الہٰی سے سنجیدگی کی توقع کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا۔ قومی اسمبلی میں پارلیمانی اکثریت ہمارے ساتھ ہے، لاہور کے گرد و نواح کے لوگوں کو اکٹھا کر کے صدر اور سیکریٹری کا فیصلہ کیا جارہا ہے۔

اس موقع پر چوہدری سلک حسین کا کہنا تھا کہ انہوں نے 28 جولائی والا قدم اٹھایا ہے، چوہدری شجاعت کو ہٹا ہی نہیں سکتے، صرف خبر بنانے کےلیے ایسا کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور میں اجلاس بلا کر خالی صفحوں پر دستخط کروائے گئے، عمران خان نے انہیں کہا ہوگا کہ اپنی سیٹیں تو سنبھالیں۔

چوہدری سالک حسین نے کہا کہ جلد بازی میں فیصلہ کیا گیا، صرف دھوکا دیا جارہا ہے، قانونی و آئینی طور پر چوہدری شجاعت حسین ہی پارٹی کے صدر ہیں۔