ویسٹ ایشیا بیس بال کپ 2023ء اسلام آباد میں شروع انڈین بیس بال ٹیم ایک دن کی تاخیر سے پاکستان پہنچ گئی

 
0
102

اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)ویسٹ ایشیا بیس بال کپ 2023ء اسلام آباد میں شروع ہوگیا،انڈین بیس بال ٹیم ایک دن کی تاخیر سے پاکستان پہنچ گئی۔ ٹورنامنٹ کے پہلے روز پاکستان اورسری لنکا نے اپنے میچز جیت لیے جبکہ انڈیا ٹیم کے پہلے روز نہ پہنچنے کے باعث فلسطین کوبغیرکھیلے فاتح قرار دیدیاگیا۔مہمان خصوصی چیف کمشنر اسلام آباد وچیئرمین سی ڈی اے نورالامین مینگل نے پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر  سیدفخر علی شاہ کے ہمراہ ٹورنامنٹ کاافتتاح کیا۔

جمعہ کے روز پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں میزبان پاکستان ٹیم نے افغانستان کو 17-0سکور سے شکست دیدی جبکہ دوسرے میچ میں دفاعی چیمپیئن سری لنکا نے نیپال کی ٹیم کو 26-0سے ہرا دیا۔ تیسرا میچ انڈیا اورفلسطین کے درمیان کھیلا جاناتھا جس میں بھارتی ٹیم کے نہ پہنچنے کی وجہ سے فلسطین ٹیم کو بغیر کھیلے فاتح قرار دیدیا گیا۔ ادھر بھارتی حکومت نے گزشتہ روز انڈین بیس بال ٹیم کو ویسٹ ایشیا بیس بال کپ میں شرکت کیلئے پاکستان داخلے کیلئے این اوسی جاری کردیا اورانڈین ٹیم گزشتہ شام کو پاکستان پہنچ گئی ۔ آج بروزہفتہ ٹورنامنٹ کے دوسرے روزبھی 3میچز کھیلے جائیں گے، آج پہلا میچ پاکستان اوربنگلہ دیش کے درمیان، دوسرا میچ نیپال اورفلسطین جبکہ تیسرا میچ انڈیا اورسری لنکا کے درمیان کھیلا جائیگا۔ ٹورنامنٹ کافائنل یکم فروری کو کھیلا جائیگا۔