جے آئی ٹی رپورٹ کا والیم 10 کھلوانے کا مطالبہ کیا تو نواز شریف کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے شیخ رشید

 
0
449

اسلام آباد 10 اگست(ٹی این ایس )عوامی لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ کا والیم 10 کھلوانے کا مطالبہ کیا تو نواز شریف کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے ۔ تفصیلات کے مطابق شیخ رشید نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جلد ہی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف الیکشن کمیشن جاؤں گا ۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ میں ایسے بھی لوگ شامل ہیں جنہوں نے ابھی تک حلف ہی نہیں اٹھایا ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نہیں چاہتے کہ حدیبیہ پیپرز کا کیس کھلے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر نیب ریفر نسز کا فیصلہ آگیا تو یہ لوگوں سے اپنا چہرہ چھپاتے پھریں گے ۔ان کا پوسٹ مارٹم ہو گا اور اپنی اصلیت چھپاتے پھریں گے ۔انہوں نے کہا کہ آئین کا جو فیصلہ تھا وہ آچکا ہے اب یہ لوگ جو کرنا چاہتے ہیں کرتے رہیں  ۔آئندہ انتخابات میں اصل مقابلہ ن لیگ اور پی ٹی آئی کے درمیان ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ 4 مہینے میں سیاست کا رخ بدلے گا ۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی پرندے بہت چالاک ہوتے ہیں اپنی جگہ اور رخ بدلناجانتے ہیں ۔

انہوں نے نواز شریف کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ اگر نظر ثانی پر جائیں گے تو  شیخ رشید عدالت میں جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ 13 اگست کو راولپنڈی میں جو جلسہ منعقد ہو گا اس میں عوام کا ایک جم عفیر ہو گا اور عمران خان ہماری دعوت پر راولپنڈی کے جلسے میں ضرور آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ مستقبل میں ق لیگ اور طاہرالقادری کو بھی پارٹی سیٹ ملے ۔ہم ان کو اپنے ساتھ ملانے کی پوری کوشش کریں گے ۔  چوہدری نثار کہ بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اپنی ایک پوزیشن ہے پھر وہ ریلی میں کیوں نہیں گئے؟عمران خان کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ایک ذمہ دار شخص ہیں ملک کی بہتری کے لیے جو کچھ کرنا ہوا وہ کریں گے۔