پاکستان دنیا میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لئے تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے، صدر مملکت

 
0
502

اسلام آباد اگست10(ٹی این ایس) : میانمار، جرمنی، سعودی عرب، روانڈا،  سیرا لیون،عوامی جمہوریہ  لاؤ ، پیراگوئے  اور میکسیکو کےنامزد سفرائے کرام نے جمعرات کو صدر ممنون حسین کو ایوان صدر میں منعقدہ ایک باوقار تقریب کے دوران اپنی سفارتی اسناد  پیش کیں بعد میں ان  سفیروں اور ہائی کمشنرنے صدر مملکت سے علیحدہ علیحدہ ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئےصدر مملکت  نے کہا کہ پاکستان دنیا میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لئے تمام  ممالک کے ساتھ دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ سفیروں سے   الگ الگ ملاقات میں انہوں نے دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ صدرممنون حسین نے کہا کہ پاکستان کی معیشت  بہتری  کی جانب گامزن ہے اور ملک سرمایہ کاری اور کاروبار کےعظیم مواقع پیش کرتا ہے۔ انہوں نے غیر ملکی سفارت کاروں کو تجارتی سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے اور پاکستان میں مختلف شعبوں میں پیش کیے جانے والےسرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لئے اپنے کردار ادا کرنے کے لئے زور دیا ۔ انہوں نے  زور دے کر کہا کہ پاکستان دہشت گردی اور انتہا پسندی کو ختم کرنے کے لئے پرعزم ہے اور دہشت گردی کے خلاف کارروائی آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی.

صدر نے پاکستان کے نئے نو منتخب سفیر وں اور  ہائی کمشنر کو مبارک باد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ پاکستان کے ساتھ اپنے ممالک کے موجودہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے لئے کام کریں گے۔ صدر مملکت نے  امید ظاہر کی نئے  سفارت کاروں کا پاکستا ن میں قیام آرام دہ اور خوشگوار  ہو گا

سفارتی اسناد پیش کرنے والوں میں میانمار کے سفیر جناب ون مینٹ، جرمنی کے جناب  مارٹن کوبلر،  سعودی عرب کے سفیر کموڈور نواف سعید احمد المالکی،  روانڈا کےسفیر لیفٹیننٹ جنرل کیونگا چارلس ، سیرا لیون کےہائی کمشنر مسٹر علی مامے امارا کمارا، عوامی جمہوریہ لاؤ  کی سفیر مس وانڈے بوتھا ساونگ،   پیراگوئے کےسفیر جناب نیلسن الیڈس مورا روڈاس اور میکسیکوسفیر جناب  جوز الفانسو زگبی کیمارینہ  شامل تھے۔

اس سے قبل ایوان صدر پہنچنے پر پاکستان اور متعلقہ ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے اور  سفارت کاروں کو افواج پاکستان کے دستوں کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔