عمران خان لاہور ہائیکورٹ میں پیش، تین مارچ تک حفاظتی ضمانت منظور

 
0
145
  • لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی تھانہ سنگجانی کیس میں حفاظتی ضمانت منظور کر لی ہے جبکہ دستخطوں میں فرق پر عمران خان کی جانب سے معذرت کرنے اور حفاظتی ضمانت کی درخواست واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی گئی ہے۔

    پیر کو جسٹس باقر نجفی کی عدالت نے عمران خان کی حفاظتی ضمانت دو ہفتوں کے لیے منظور کر لی ہے۔

    سابق وزیراعظم عمران خان کے وکیل نے دو ہفتوں کی استدعا کی تھی۔

    تھانہ سنگجانی میں درج کیس میں حفاظتی ضمانت کی درخواست پر جسٹس باقر نجفی اور جسٹس شہباز رضوی نے سماعت کی۔

    اسلام آباد کے تھانہ سنگجانی میں عمران خان پر توڑ پھوڑ اور پولیس پر حملے کا مقدمہ درج ہے۔

    عمران خان کی حفاظتی ضمانت سے متعلق تحریری فیصلہ جاری کرتے عدالت نے کہا ہے کہ پولیس تین مارچ تک عمران خان کو گرفتار نہ کرے۔

    تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کی تین مارچ تک حفاظتی ضمانت منظور کی جاتی ہے۔

    عمران خان نے عدالت کو بتایا کہ ’ میرے ایکسرے ہوئے ہیں، میری ٹانگ کافی حد تک ٹھیک ہوچکی ہے لیکن ڈاکٹرز نے دو ہفتوں کا کہا ہے۔‘

    عمران خان نے کہا کہ میں ایک گھنٹے تک گاڑی میں بیٹھا رہا، عدالت پیش ہونے کے لیے انتطار کرتا رہا۔

    عمران خان جب جسٹس طارق سلیم شیخ کی عدالت میں میں پیش ہوئے توعدالت نے ان سے پوچھا کہ خان صاحب آپ کی پٹیشن پر دستخط تھے کیا وہ آپ کے تھے؟

    اس کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ پٹیشن میری مرضی کے بغیر دائر ہوئی۔

    ’مجھے جیسے ہی پتا چلا میں نے اظہر صدیق کو پٹیشن واپس لینے کا کہا۔‘

    عمران خان نے کمرہ عدالت میں معذرت کر لی جس پر عدالت نے عمران خان کی درخواستِ ضمانت واپس لینے کی بنیاد پر نمٹا دی۔