پرچے میں نامناسب سوال، کومسیٹس یونیورسٹی کا لیکچرار برطرف

 
0
78
اسلام آباد کی کومسیٹس یونیورسٹی نے انگریزی کے پرچے میں نامناسب سوال پوچھنے پر ایک لیکچرار کو برطرف کر دیا ہے۔
گذشتہ دو دنوں سے سوشل میڈیا پر کومسیٹس یونیورسٹی کا ایک سوالنامہ وائرل ہے جس میں پوچھے گئے نامناسب سوال پر لوگ غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
لیکن یہ معاملہ نیا نہیں بلکہ سوالنامہ بنانے والے وزٹنگ فیکلٹی کے لیکچرار کو رواں مہینے کے پہلے ہفتے میں ہی نوکری سے برطرف کردیا گیا تھا۔
19 جنوری کو پاکستان کی وزارت برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے اس سوالنامے کے حوالے سے کومسیٹس کو خط لکھا تھا اور کہا تھا کہ ’سوال کا مواد انتہائی قابل اعتراض ہے اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے نصاب کے حوالے سے موجود قوانین کے خلاف ہے جس سے طلبہ کے خاندانوں کو نکلیف پہنچی ہے۔‘
وزارت برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے کومسیٹس کو احکامات جاری کیے تھے کہ سوالنامہ بنانے والے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے۔
رواں مہینے کی دو تاریخ کو کومسیٹس نے خیرالبشر نامی لیکچرار کو برطرف کردیا اور وزارت برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو مطلع کیا کہ لیکچرار کو مستقبل میں بھی ہر قسم کی ملازمت کے لیے ’بلیک لسٹ‘ قرار دے دیا گیا ہے۔