سعودی عرب میں مقیم پاکستانی کون کون سی اشیا وہاں لے جا کر بیچ سکتے ہیں؟

 
0
130
خیبرپختونخوا کے شہر صوابی سے تعلق رکھنے والے عبدالباسط خان گزشتہ 18 برس سے سعودی عرب میں مقیم ہیں۔ انہوں نے ایم بی اے کر رکھا ہے اور سعودی عرب کی مشہور سپرمارکیٹ کی کمپنی میں بطور مینیجر کام کرتے ہیں۔
ایک بار وہ پاکستان سے گلابی نمک ’پنک سالٹ‘ کے کچھ نمونے لیتے گئے۔ مناسب قیمت اور اچھی کوالٹی  کے باعث سعودی مارکیٹ میں انہیں ہاتھوں ہاتھ لیا گیا اور پھر آرڈرز بھی فوراً ملنا شروع ہو گئے۔
اس کے بعد انہوں نے باقاعدہ طور پر پاکستان سے برآمدات کا کام شروع کیا۔ سعودی عرب میں پنک سالٹ کے علاوہ  چاول، مصالحہ جات سمیت مختلف کھانے پینے کی اشیا فروخت کرنا شروع کیں۔
پچھلے برس انہوں نے آن لائن فروخت  کا آغاز بھی  کیا۔ پاکستان میں موجود ان کے بیٹے نے اس مقصد کے لیے ویب سائٹ بنائی اور اب وہ ریاض سمیت سعودی مختلف شہروں میں آرڈرز سپلائی کر رہے ہیں۔
ان کے بقول ’یہاں کھاد وغیرہ سے پاک کاشت (آرگینک ) فوڈز کی بھی خاصی ڈیمانڈ ہے۔ ان کے مطابق پاکستان سے مختلف اشیا ایکسپورٹ کر کے سعودی مارکیٹ میں فروخت کرتے ہوئے انہیں تیسرا سال ہے۔‘
انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ وہ پاکستانی برآمدات میں ایک قطرے جتنا ہی سہی مگر اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔