ایران نے پاکستان کے لیے بجلی کی فراہمی بند کردی: پاور ڈویژن  حکام کا انکشاف

 
0
360

اسلام آباد، اگست 03(ٹی این ایس):  سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں پاور ڈویژن کے حکام نے انکشاف کیا ہے کہ ایران نے پاکستان کے لیے بجلی کی فراہمی بند کردی۔

حکام پاور ڈویژن نے کمیٹی کو بتایا کہ شدید گرمی کی وجہ سے ایران میں بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ ہورہی ہے جس کے باعث تہران نے دیگر ممالک کو بجلی کی برآمد بند کردی۔انہوں نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ ایران میں ہیٹ ویو کی وجہ سے حالات خراب ہیں جبکہ ایران پاکستان کو سو میگاواٹ بجلی فراہم کرتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تہران میں ہیٹ ویو کے باعث 80 میگاواٹ بجلی کی فراہمی نہیں ہورہی، ایران کی بجلی بلوچستان کے علاقے مکران، گوادر, پنچگور، پسنی وغیر میں فراہم کی جاتی ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ کسی نجی ڈیرے پر کوئی ٹرانسفارمر نہیں دیا تاہم انہوں نے یقین دلایا کہ ایسے مقامات پر ٹرانسفارمرز یا سامان کی موجودگی پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔

حکام پاور ڈویژن نے کہا کہ اس حوالے سے تمام ڈسکوز کے سی ای اوز کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

اس موقع پر ایڈیشنل سیکریٹری پاور ڈویژن نے بتایا کہ کراچی الیکڑک کو 6 سو 50 میگاواٹ بجلی فراہم کی جارہی ہے، جبکہ بجلی کی خرید و فروخت کے نئے معاہدے کے متعلق معاملات مکمل ہوچکے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ فریقین نے آپس میں مسودے کا تبادلہ کر لیا ہے جبکہ کے الیکڑک کے حصص ابراج سے شنگھائی کوآپریشن کو منتقل ہونےکے بعد معاملے کو آگے بڑھایا جائے گا۔

قائمہ کمیٹی نے ہدایت کی کہ بجلی کی خرید وفروخت کے نئے معاہدے کے مسودے کی کاپی کمیٹی کو فراہم کی جائے۔

علاوہ ازیں سکھر الیکٹرک سپلائی کمپنی (سیپکو) حکام نے کمیٹی کو بریفنگ دی۔