پاکستان کا نریندر مودی کی جانب سے عمران خان کو ٹیلی فون کرنے کا خیر مقدم

 
0
405

دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلی فونک رابطے سے دو طرفہ جامع مذاکرات کی راہ ہموار ہوگی: ترجمان دفتر خارجہ کا اظہار امید

اسلام آباد، اگست 03(ٹی این ایس):  پاکستان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان کو ٹیلی فون کرنے کا خیر مقدم کیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ٹیلی فونک رابطے سے دو طرفہ جامع مذاکرات کی راہ ہموار ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا عمران خان کو ٹیلی فون کرنا خوش آئند ہے، تاہم انہوں نے یہ واضح کیا کہ نو منتخب وزیر اعظم کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے غیر ملکی سربراہان مملکت کو مدعو نہیں کیا گیا۔

خیال رہے کہ 30 جولائی کو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے عمران خان سے ٹیلی فونک گفتگو میں پاکستان کے ساتھ تعلقات میں نئے دور کے آغاز کے عزم کا اظہار کردیا۔

نریندر مودی نے عمران خان کو ٹیلی فون کرکے انتخاب میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی تھی اور نیک تمناؤں اور خواہشات کا اظہار کیا تھا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں عام انتخابات کے پر امن انعقاد پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے، بین الاقوامی مبصرین نے بھی انتخابات کے کامیاب انعقاد کو سراہا ہے اور ملک جمہوری تسلسل اور دوسری مرتبہ اقتدار کی منتقلی دیکھ رہا ہے۔

مسئلہ کشمیر پر بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی مظالم کی مذمت کی اور اسلحہ کے انبار لگانے کے بھارتی رجحان پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔

انہوں نے بتایا کہ بھارتی قابض فورسز نے جولائی میں 21 کشمیریوں کو شہید جبکہ 310 کو زخمی کیا اور ظلم و زیادتی کا سلسلہ جاری ہے۔

ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ بھارت کی جانب سے غیر ملکی صحافیوں کو مقبوضہ کشمیر آنے کی اجازت نہ دینا قابل مذت ہے، بھارت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو چھپانا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی قید میں موجود حریت رہنماؤں اور دیگر معصوم کشمیریوں کو انصاف تک رسائی نہیں دی جا رہی، پابند سلاسل حریت رہنماؤں کی صحت تیزی سے خراب ہو رہی ہے اور انہیں علاج کی سہولیات میسر نہیں ہیں۔