معاشی اور سماجی ترقی خواتین کو بااختیار بنانے سے جڑی ہوئی ہے؛اسپیکر قومی اسمبلی

 
0
74

سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ خواتین ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کا اہم حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین ہر پاکستانی خواتین کو تمام بنیادی حقوق کی فراہمی کی ضمانت دیتا ہے۔انہوں نے یہ کہا کہ خواتین پر مشتمل اقتصادی پالیسیاں ملک میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ضروری ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز پارلیمنٹ ہاس میں اقوام متحدہ کی خواتین کی کنٹری نمائندہ محترمہ شرمیلا رسول سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سپیکر راجہ پرویز اشرف نے تمام خواتین کو تعلیم، صحت اور معاشی مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ شناختی کارڈ شناخت کا بنیادی جزو ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین خصوصا دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والی خواتین جن کو شناختی کارڈ کے اجرا میں حائل رکاوٹوں کا سامنا ہے ان حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے اس سلسلے میں وہ چیئرمین نادرا سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں موجود رکن قومی اسمبلی وجیہہ قمر نے کہا کہ وویمن پارلیمانی کاکس (ڈبلیو پی سی) خواتین دوست قانون سازی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈبلیو پی سی تمام خواتین کو بنیادی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ایک متفقہ منشور جاری کرے گی۔ اقوام متحدہ کی خواتین کی کنٹری نمائندہ محترمہ شرمیلا رسول نے خواتین کو بااختیار بنانے اور انہیں پالیسی سازی میں شامل کرنے کے اسپیکر قومی اسمبلی کے وژن کو سراہا۔ انہوں نے خواتین دوست قانون سازی کو یقینی بنانے کے لیے ڈبلیو پی سی کے کردار کو بھی سراہا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقوام متحدہ خاص طور پر ملازمت اور معاشی آزادی کے شعبے میں پاکستانی خواتین کی حمایت جاری رکھے گی۔