الیکشن کمیشن کا اجلاس:پنجاب میں انتخابات کیلئے مشاورتی عمل شروع کرنے کا فیصلہ

 
0
122

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کے اجلاس میں پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے حوالے سے صدر مملکت کے ساتھ مشاورت شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کے اجلاس میں ممبران اور سیکرٹری الیکشن کمیشن عمر حمید بھی شریک ہوئے۔ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا اور پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کا بتانا ہے اجلاس میں پنجاب اسمبلی کے انتخابات کے حوالے سے صدر پاکستان کے ساتھ مشاورتی عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے حوالے سے دیگر تمام شراکت داروں کے ساتھ بھی رابطہ کرے گا۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران حکومت کو دونوں صوبوں میں 90 روز میں الیکشن کرانے کا حکم دیا ہے۔ صدر مملکت نے گزشتہ ماہ الیکشن کمیشن کو پنجاب اور خیبر پختونخوا میں الیکشن کے حوالے سے مشاورت کے لیے دو خط لکھے تھے تاہم الیکشن کمیشن نے صدر کی مشاورت کی تجویز کو مسترد کر دیا تھا۔