لااہور( ٹی این ایس) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کاگنڈا سنگھ والا کے مقام پر تلوار پوسٹ سے ملحقہ آخری سرحدی گاؤں بھکی پنڈ اور دیگردیہات کا دورہ

 
0
189

امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کی، محسن نقوی کشتی میں زیر آب گاؤں بھکی پنڈ اور دیگر دیہات پہنچے، مکینوں سے ملاقات کی، مسائل پوچھے
امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور نقصانات کا تخمینہ لگانے کا حکم، لوگوں تک کھانے پینے کی اشیاء اور مویشیوں کیلئے چارہ پہنچایا جائے
کیمپس میں ادویات اور ویکسین کی دستیابی یقینی بنائی جائے،پانی کی آمد و اخراج سے تمام متعلقہ اداروں کو لمحہ بہ لمحہ باخبر رکھا جائے:محسن نقوی

 

لاہور14جولائی: بھارت کی آبی جارحیت، دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا اخراج 70,700 کیوسک ہوگیا۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے آج گنڈا سنگھ والا کے مقام پر تلوار پوسٹ سے ملحقہ آخری سرحدی گاؤں بھکی پنڈ اور دیگردیہات کا دورہ کیا اور دریائے ستلج میں پانی کے بہاؤ کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کشتی میں زیر آب گاؤں بھکی پنڈ اور دیگر دیہات میں پہنچے، گاؤں کے مکینوں سے ملاقات کی اور مسائل پوچھے۔نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے متاثرہ دیہات میں امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کی اور امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور زیر آب دیہات میں نقصانات کا تخمینہ لگانے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ متاثرہ دیہات میں لوگوں تک کھانے پینے کی اشیاء اور مویشیوں کیلئے چارہ پہنچایا جائے اور متاثرین کی ضروریات کا مکمل خیال رکھا جائے۔ انہوں نے ریلیف و میڈیکل کیمپس کی تعداد میں اضافہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کیمپس میں موجود لوگوں کیلئے کھانے پینے کا مناسب انتظام ہونا چاہیئے۔ محسن نقوی نے میڈیکل کیمپس میں ضروری ادویات اور ویکسین کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ دریا میں پانی کی صورتحال کی مانیٹرنگ جاری رکھی جائے۔

 

پانی کی آمد و اخراج سے تمام متعلقہ اداروں کو لمحہ بہ لمحہ باخبر رکھا جائے۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ صوبائی وزراء، انتظامیہ اور متعلقہ ادارے ریسکیو اور ریلیف کی سرگرمیوں کیلئے متحرک ہیں۔ صوبائی وزیر اظفر علی ناصر، چیف سیکرٹری، سیکرٹر ی آبپاشی، کمشنر لاہور ڈویژن، ریسکیو 1122، پی ڈی ایم اے اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔