کراچی (ٹی این ایس)وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے 250 ایکڑ پر 4 ہزار کم قیمت گھر اسکیم کا افتتاح کردیا ۔ کم آمدن والوں کا اپنے گھر کا خواب پورا ہوسکے گا۔

 
0
168

سندھ حکومت کی جانب سے پاک فوج۔ رینجرز۔ پولیس اور دہشتگردی کا شکار سول سوسائٹی کے شہداء کے اہل خانہ کو 3500پلاٹس دئے جائیں گے۔ تقریب سے وزیر بلدیات ، ڈی جی اور سیکریٹری ایم ڈی اے کا خطاب

 صوبائی و زیر بلدیات و ہاؤسنگ ٹاؤن پلاننگ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ ملیر ڈولپمنٹ اتھارٹی کے تحت اسکیم 45 تیسر ٹاؤن میں 250 ایکڑ پر محیط 4 ہزار تیار مکان کم قیمت گھر اسکیم کے تحت دیئے جائیں گے۔ اس طرح کم آمدن والے افراد کا اپنے گھر کا خواب پورا ہوسکے گا۔ یہ اسکیم چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے اور گھر کی دہلیز تک سہولیات پہنچانے کے وژن کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ اور اسی وژن کے تحت گزشتہ دنوں کم آمدنی والوں کیلئے کے ڈی اے کی سستے گھر کی اسکیم کا افتتاح اور شروعات کی گئی۔ وزیر بلدیات نے اپنے خطاب میں کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کے وژن کو پورا کرنے کیلئے وزیراعلیٰ سندھ کی قیادت میں ان کی پوری ٹیم متحرک ہے اور کم آمدن والوں کیلئے سستے گھروں کی اسکیمیں بھی ان لوگوں کی مرہون منت ہیں۔ سید ناصر حسین شاہ نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایات پر سندھ حکومت کی جانب سے پاک فوج، رینجرز، پولیس اور دہشتگردی کا شکار سول سوسائٹی کے شہداء کے اہلخانہ کیلئے ساڑھے تین ہزار پلاٹس دینے کا بھی اعلان کیا۔ اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل ملیر ڈولپمنٹ اتھارٹی محمد یاسین شر اور سیکریٹری ایم ڈی اے محمد عرفان اور انکی ٹیم کی کاوشیں لائق تحسین ہیں ، امید کرتا ہوں کہ یہ اسکیم جو کہ کم آمدنی والوں کا خواب ہے اسے مقررہ وقت پر معیار کے ساتھ نا صرف مکمل کیا جائے گابلکہ اس میں شفافیت کا بھی خاص خیال رکھا جائے گا اور گھر کا خواب دیکھنے والوں کی امیدوں کو پورا کیا جائے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل ملیر ڈوپلمنٹ اتھارٹی محمد یاسین شر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ایم ڈی اے کے حوالے سے آج کا دن تاریخی اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ آج ہم غریب عوام کا اپنے گھر کے خواب کی تکمیل کرنے جارہے ہیں اور آنے والے دنوں میں ہم عوام کی خدمت کا دائرہ وسیع کرنے جارہے ہیں۔ اور میں شکرگزار ہوں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور صوبے کے ہر دلعزیز وزیر سید ناصر حسین شاہ کا جنھوں نے ہمیں عوامی خدمت کا وژن دیا، ہدایات دیں، رہنمائی کی اور ہر مرحلے پر حوصلہ افزائی کی۔ اور ان ہی معزز شخصیات کی جانب سے یہ اہل کراچی کیلئے ایک تحفے سے کم نہیں۔ ملیر ڈولپمنٹ اتھارٹی کے سیکریٹری محمد عرفان نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ میرے اور میری ٹیم کیلئے آج انتہائی خوشگوار دن ہے کہ ایم ڈی اے آج پہلی مرتبہ سستے اور بنے بنائے مکانات کا عوام دوست ہاؤسنگ پروجیکٹ شروع کررہی ہے۔ اس منصوبے کے تحت 80، 100، 120 اور 200 گز کے ون یونٹ بنگلوز کم آمدنی والے افراد کیلئے تیار کئے جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ وزیر بلدیات کی ہدایت پر اس پروجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے پہلے ہی سائیٹ پر تعمیراتی کام شروع ہوچکا ہے جبکہ پانی ، بجلی، گیس اور کشادہ سڑکوں سمیت اسٹریٹ لائٹس کی تنصیبات کے حوالوں سے بھی ترجیحی بنیادوں پر کام جاری ہے جبکہ یہاں کے رہائشیوں کیلئے فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے جدید کیمروں کی تنصیب بھی اس پروجیکٹ کی خاصیت ہے۔ اسکے علاوہ یہاں کے رہائشیوں کی سہولیات کیلئے پیٹرول پمپ، ہائی وے لنگ گیٹ اور پارکنگ کی جدید سہولیات بھی اس پروجیکٹ کا خاص حصہ ہیں اور یہ سب وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی خصوصی ہدایات اور رہنمائی کے باعث ہیں۔ تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر فراز لاکھانی، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، پیپلز پارٹی کے رہنماء نجی عالم، مختلف ٹاؤن چیئرمین اور شہر کے معززین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر بلدیات و ہاؤسنگ ٹاؤن پلاننگ سید ناصر حسین شاہ نے اس موقع پر کم قیمت گھر اسکیم کے باقاعدہ افتتاح کا اعلان کیا۔