پی ٹی آئی کے  رکن صوبائی اسمبلی اور پارلیمانی سیکریٹری جاوید نسیم ق لیگ کو پیارے ہوگئے

 
0
340

لاہور، اپریل 18(ٹی این ایس ):   پشاور سے پاکستان تحریک انصاف کے موجودہ رکن کے پی کے اسمبلی اور پارلیمانی سیکرٹری جاوید نسیم نے اپنے ہزاروں ساتھیوں اور ووٹروں سمیت پی ٹی آئی چھوڑ کر پاکستان مسلم لیگ ق میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے ان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے مسلم لیگ کا ایک پلیٹ فارم بنایا ہے، ن لیگ سمیت تمام جماعتوں والوں کو اس میں آنے کی دعوت ہے، ہم نے نیک نیتی سے کام کیا، کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے، اپنے گھر اور مسلم لیگ کے دروازے سب کیلئے کھول دئیے ہیں، نئے آنے والوں کو بھی عزت و احترام ملے گا، پاکستان مسلم لیگ کام اور ڈیلیور کرنے والوں کی جماعت ہے، پنجاب میں ہم نے پانچ سالہ اقتدار کے دوران عام اور غریب آدمی کیلئے جو کام کیے ن لیگ اپنے اقتدار کے 23 سال میں اس طرح کا ایک کام دکھا دے۔

چودھری شجاعت حسین نے میڈیا سے گفتگو میں مزید کہا کہ جو میں کہتا ہوں وہ کتاب میں لکھا اور سب سچ لکھا، جن کے متعلق لکھا کسی نے نہیں کہا کہ غلط لکھا، میں نے دین و ایمان کے مطابق تمام چیزیں ٹھیک لکھیں، لوگ کہتے ہیں کہ دروازے کھول رہے ہیں ہم نے اپنا گھر کھول رکھا ہے، نیک نیتی سے کام کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے، جاوید نسیم نے جس جماعت کو چھوڑا وہ حکومت میں ہے، کل پشاور سے کچھ لوگ آئے اور کہا کہ ہمارے سے پوچھے بغیر صوبے میں صدر اور سیکرٹری نہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ جب این آر او بنا لیا تو پھر پرویزمشرف نے مجھے بتایا، میں نے لکھے ہوئے این آر او کو صرف پڑھا اس میں 3 ہزار لوگوں کو معاف کیا گیا، میں نے صدر صاحب کو اپنے پانچ سال کا پیریڈ نکالنے کو کہا کہ ہمارا احتساب ہونے دیں، اگر ہمارے کسی بندے نے کچھ کیا ہے تو وہ عدالتوں میں پیش ہوں گے، اللہ کا شکر ہے کہ ہمارے اوپر کوئی الزام ثابت نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تحریک انصاف کی وکٹ گرا کر کوئی دشمنی نہیں کی، انتخابات میں سیاسی اتحاد وقت پر دیکھیں گے۔