اسلام آباد(ٹی این ایس) پریشانیوں میں مبتلاافراد نیکیوں میں مصروف ہوجائیں: مولانا شاہد عطاری

 
0
68

کچھ لوگ اللہ کی ذات پر بھروسہ کرنے کی بجائے خود کو ناامیدی کی گھاٹی میں گرادیتے ہیں
اللہ کی نافرمانی ڈپریشن کی وجہ ہے، گناہوں کی وجہ سے لوگ پریشانیوں میں مبتلا ہوجاتے ہیں
آپ نیکیوں کی طرف آئیں اور ہر نیکی آپ کو جنت میں لے جائے گی، بیماری،تکلیف دور کرنیوالا اللہ ہی ہے
جب بھی تکلیف آئے تو اللہ تعالی پر مکمل بھروسہ کریں: رکن مرکزی مجلس شوری دعوت اسلامی کا ہفتہ وار اجتماع سے بیان
گوجرانوالہ (ملک شہزاد چشتی سے) دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوری کے رکن مولانا محمد شاہد عطاری نے کہا ہے کہ معاشرے کے افراد کسی نہ کسی پریشانی کا شکار ہیں،کوئی بیروز گار ہے تو کوئی تنگدست ہے،پریشانی کی وجہ سے ٹینشن بڑھتا ہے پھرٹینشن کا تسلسل ڈپریشن میں تبدیل ہوجاتا ہے،ذہنی تنا، دماغی کمزوری اور طرح طرح کی بیماریاں انسان پر غالب ہونا شروع ہوجاتی ہیں، الغرض ہر شخص کو کوئی نہ کوئی پریشانی گھیرے ہوئے ہے،بہت بڑی تعداد اللہ تعالی کی ذات پر بھروسہ کرنے کی بجائے خود کو ناامیدی کی گھاٹی میں گرادیتے ہیں،اسی وجہ سے آج حالات خراب ہورہے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے فیضان مدینہ ، گوجرانوالہ میں سنتوں بھرے اجتماع سے بیان کرتے ہوئے کیا۔رکن شوری نے کہا کہ ہم تکلیف،پریشانی اور آزمائش سے نکلنے کی بجائے اپنے ذہن کو مفلوج کرکے اس کی وادی میں ڈوب جاتے ہیں کہ اب کیا ہوگا یہ لفظ اس وقت سننے کو ملتا ہے جب پریشانی آتی ہے،پھر گھبراہٹ شروع ہوجاتی ہے لہذا جب بھی پریشانی آئے تو اللہ کی ذات بابرکت پر بھروسہ کرتے ہوئے آزمائش کیلئے خود کو تیار کرنا شروع کردیںجو کچھ آتا ہے یا جو کچھ آیا ہے وہ اللہ کی طرف ہے اور اللہ اس کو ٹالنے والا ہے،بیماری،تکلیف دور کرنے والا اللہ ہی ہے لہذا جب بھی کسی قسم کی تکلیف آئے تو اللہ کی ذات کی مکمل بھروسہ کریں۔مولانا محمدشاہد عطاری نے کہا کہ اللہ کی نافرمانی یہ ڈپریشن کی سب سے بڑی وجہ ہے،گناہوں کی وجہ سے لوگ ہزاروں قسم کی پریشانیوں میں مبتلا ہوجاتے ہیں،اعلانیہ بے حیائی کی وجہ سے طاعون اور مختلف امراض عام ہوجاتے ہیں،ماپ تول میں کمی کی وجہ سے قحط آتا اور ظالم حاکم مقرر ہوتے ہیں،زکو نہ دینے کی وجہ سے بارش رکتی ہے،اللہ ورسول ۖ کا عہد توڑنے کی وجہ سے دشمن مسلط ہوجاتا ہے،مال پر جبری قبضہ کی وجہ سے قتل وغارت گری ہوتی ہے اور سود خوری کی وجہ سے زلزلے آتے ہیں، فی زمانہ وہ کون سا گناہ ہے جو معاشرے میں عام نہیں ،یہی وجہ ہے کہ آج لوگ طرح طرح کی بیماریوں کا شکار ہیں،لہذا ڈپریشن کا شکار شخص خود کو کسی نیک کام میں مصروف کریںاس بارے میں نہ سوچیں جو ڈپریشن کی طرف لے جائیں،آپ نیک کاموں میں خود کو مصروف کردیں ان شا اللہ ٹینشن دور ہوجائے گی، بعد از اجتماع رکن شوری نے ملک و قوم کی سلامتی کے لیے دعا کی۔
کیپشن
گوجرانوالہ: دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوری کے رکن مولانا محمد شاہد عطاری ہفتہ وار سنتوں بھرے فقید المثال اجتماع سے خطاب کر رہے ہیں