صدر مملکت ممنون حسین کی چین کے نائب وزیر اعظم وینگ یینگ سے ملاقات

 
0
390

اسلام آباد اگست14(ٹی این ایس) صدر مملکت ممنون حسین اور چین کے نائب وزیر اعظم وینگ یینگ نے کہا ہے کہ علاقائی امن و استحکام اور ترقی کے لیے پاکستان اور چین کے درمیان تعاون جاری رہے گا اور دونوں ملک انسانیت کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرتے رہیں گے۔ دونوں قائدین نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی جلد تکمیل پر بھی زور دیا۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ اتفاق رائے ایوان صدر میں ہونے والی ملاقات میں سامنے آیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے وفود بھی شریک تھے۔

صدر مملکت نے پاکستان کے سترھویں یوم آزادی کی تقریبات میں اعلیٰ ترین سطح پر چین کی شرکت پر معزز مہمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ملکوں کے پرخلوص رشتے کا اندازہ ہوتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ دونوں ملک دکھ اور سکھ کے ہر موقع پر ایک دوسرے کے کام آتے ہیں جو دنیا کے لیے ایک مثال ہے۔

صدر مملکت نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان تمام اہم امور میں چین کی حمایت کرتا ہے۔ انھوں نے حال ہی میں چینی سرزمین پر بھارتی مداخلت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر چین نے جس تحمل کا مظاہرہ کیا ہے، وہ قابل تعریف ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان ؛ تائیوان، تبت، سنکیانگ اور ساؤتھ چائنا سی سمیت تمام معاملات میں چین کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان چین کے تعاون سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کام کرتا رہے گا۔ انھوں نے کہا کہ افغانستان میں امن کے لیے چین کا کردار قابل تحسین ہے۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ ان کوششوں کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے اور یہ مسئلہ جلد حل ہو جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ جموں و کشمیر سمیت تمام متنازع مسائل بات چیت کے زریعے حل کرنا چاہتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ چین کے وزیر اعظم کے جلد دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔

چین کے نائب وزیر اعظم وونگ یینگ نے اس موقع پر کہا کہ پاک چین دوستی مفادات اور سیاسی مصلحتوں سے بالا تر ہے۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان نے اپنے حالات کے مطابق بہترین کام کیا ہے جس کی وجہ سے خطے کے تمام ممالک کے مقابلے میں پاکستان کی صورت حال بہت بہتر ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان کو چین کا تعاون ہمیشہ حاصل رہے گا۔

انھوں نے کہا کہ صدر مملکت نے یوم آزادی کی تقریب میں شاندار تقریر کی جس سے قومی اتحاد کو فروغ ملے گا اور ترقی کی رفتار تیز ہوگی۔

معزز مہمان نے کہا کہ پاک چین اقتصادی تعاون میں اضافہ حوصلہ افزا ہے۔ اس کی رفتار اور حجم میں مسلسل اضافہ ہوتا جائے گا۔ انھوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی توازن میں کمی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چین کے لیے پاکستان کی برآمدات میں اضافہ کیا جائے گا۔ انھوں نے مختلف عالمی اور علاقائی معاملات میں چین کے ساتھ پاکستان کے بھرپور تعاون کو چین کے لیے ایک قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی اقوام عالم کے لیے ایک مثال ہے۔