بہاول پور ،ڈسٹرکٹ پولیس لائینز میں جشن آزادی کے موقع پر پروقارتقریب کا انعقاد

 
0
705

بہاول پور اگست14(ٹی این ایس ) پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر محمد اختر عباس نے کہا کہ آزادی کا دن کسی بھی قوم ملک کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہوتاہے، زندہ قومیں اپنے آزادی کے دن کو انتہائی عقیدت و احترام اور جوش وخروش سے مناتی ہیں، آزادی کے موقع پر عوام کے جان و مال کے تحفظ میں اپنی جانیں قربان کرنے والے شہداء ہمارے محکمہ کا اثاثہ ہیں، ان کو ہم کسی صورت فراموش نہیں کرسکتے ۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس لائینز میں جشن آزادی کے موقع پر پروقارتقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ریجنل پولیس آفیسررفعت مختار راجہ نے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرڈاکٹرمحمد اختر عباس کے ہمراہ پرچم کشائی کی اور پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی بعد ازاں یاد گار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی جس میں ایس پی انوسٹی گیشن رب نواز اور ڈی ایس پی لیگل کنور محمد قاسم سمیت دیگر پولیس آفیسران نے شرکت کی ۔

اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر نے کہا کہ آزادی کا دن تجدید عہدکا دن ہے جس میں ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ ملک و قوم کی سلامتی اور اپنے شہریوں کے تحفظ کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ اس موقع پر ڈی پی او نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں ایک ایسی فورس کا کپتان ہوں جس کے شہداء کی فہرست بہت طویل ہے اور جنہوں نے ملک و قوم کے لئے اپنی شاندار خدمات دے کر ہمیشہ کے لئے عوام کے دِلوں میں گھر کر لیا۔میں سلام پیش کرتا ہوں اپنے شہیدوں کو جنہوں نے شہریوں کے سینوں پر چلائی گئیں گولیاں سینہ تان کر اپنی چھاتی پر کھائیں اور مسکراتے ہوئے اپنی قوم پر قربان ہو گئے ۔ ہم اپنے عوام کے محافظ ہیں اور ہمیں یہ فخر ہے کہ اللہ تعالیٰ اور اس ملک نے یہ ذمہ داری ہمیں سونپی۔ ہماری پولیس فورس عوام کی خادم ہے اور ہم اپنے قول و فعل سے اسے ثابت کرتے آئے ہیں ، کر رہے ہیں اور انشاء اللہ کرتے رہیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ14اگست یوم آزادی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

ضلع بھر کے پبلک و تفریحی مقامات کی سکیورٹی کو یقینی بنایا گیا ہے ۔تفریحی مقامات جن میں چڑیا گھر، پارک، تاریخی مقامات، پلے گراؤنڈز شامل ہیں میں کافی رش ہوتا جن میں مختلف فیملیاں آتی ہیں پولیس ڈیوٹی لگائی گئی ہے۔ قبل ازیں دن کا آغاز پولیس لائن مسجد میں ملک و قوم کی سلامتی اور امن و امان کی خصوصی دعا سے کیا گیا۔