سردار یعقوب ناصر مسلم لیگ ن کے قائم مقام صدر منتخب

 
0
528

اسلام آباداگست17 (ٹی این ایس) مسلم لیگ ن کی مرکزی مجلس عاملہ نے چیئرمین راجہ ظفر الحق کی تجویز پرسردار یعقوب ناصر کو پارٹی کا قائم مقام صدر منتخب کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس پنجاب ہاﺅس اسلام آباد میں جاری ہے جس میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور چوہدری نثار سمیت پارٹی کی اعلیٰ قیادت شریک ہے تاہم وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اجلاس میں شامل نہیں ہیں۔
نواز شریف کی نا اہلی کے بعد پارٹی صدر کا عہدہ خالی ہونے پر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے نئے پارٹی صدر کے انتخاب کی ہدایت کر رکھی تھی ، یہ اجلاس اسی سلسلے  میں بلایا گیا ہے ۔ اجلاس کے دوران چیئرمین مسلم لیگ ن راجہ ظفر الحق نے بلوچستان سے رکن اسمبلی سردار یعقوب ناصر کا نام تجویز کیا جسے مرکزی مجلس عاملہ نے منظور کرتے ہوئے انہیں مسلم لیگ ن کا قائم مقام صدر منتخب کرلیا ہے۔ واضح رہے کہ سردار یعقوب ناصر اس سے قبل مسلم لیگ ن کے نائب صدر کے عہدے پر فائز تھے۔