بنگلہ دیش(ٹی این ایس) اپوزیشن لیڈر مرزا فخر الاسلام عالمگیر گرفتار

 
0
118

بنگلہ دیشی پولیس نے اپوزیشن جماعت بی این پی سے تعلق رکھنے والے مرزا فخر الاسلام عالمگیر کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لے لیا۔ یہ گرفتاری دارالحکومت ڈھاکہ میں پرتشدد جھڑپوں کے ایک دن بعد عمل میں آئی ہے۔

پُر تشدد احتجاج
بنگلہ دیش نیشنل پارٹی، بی این پی نے وزیر اعظم شیخ حسینہ کی حکومت کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہرے کے بعد آج اتوار کو ملک گیر عام ہڑتال کا اعلان کیا۔ ہفتے کے روز احتجاج کے دوران پرتشدد جھڑپیں ہوئیں، جس میں 100,000 سے زیادہ اپوزیشن کے حامی دارالحکومت ڈھاکہ میں جمع ہوئے۔

بی این پی اور اس کے اتحادی وزیر اعظم حسینہ واجد کے استعفیٰ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ آئندہ عام انتخابات کی نگرانی کے لیے ایک غیر جانبدار نگران حکومت کو اقتدار منتقل کیا جائے۔

اپوزیشن پارٹی کے ایک عہدیدار شیرالکبیر نے بتایا کہ بنگلہ دیش پولیس نے اپوزیشن جماعت بی این پی سے تعلق رکھنے والے مرزا فخر الاسلام عالمگیر کو دارالحکومت ڈھاکہ میں ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لیا۔ 75 سالہ فخر الاسلام بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے جنرل سیکرٹری ہیں۔