اسلام آباد (ٹی این ایس) سینیٹ: غزہ کے اسپتال پر اسرائیلی بمباری کیخلاف قرارداد منظور

 
0
70

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی سربراہی میں ہونے والے ایوانِ بالا (سینیٹ) کے اجلاس میں غزہ اسپتال پر اسرائیلی بمباری کے خلاف قرار داد منظور کر لی گئی۔
سینیٹ کے اجلاس میں قائدِ ایوان سینیٹر اسحاق ڈار نے ایوانِ بالا میں فلسطین پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف خیالات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی بمباری میں فلسطینیوں کی شہادت پر رنجیدہ ہیں، اسرائیلی بمباری سے 8 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ 20 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 23 روز سے فلسطینیوں کی نسل کشی جاری ہے، ہم اسرائیلی فوج کی بم باری کی مذمت کرتے ہیں۔
سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ شہید فلسطینیوں میں زیادہ تر تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے غزہ میں کھانے، پینے اور ایندھن کی سپلائی بند کر دی، اس ظلم کےخلاف او آئی سی، اقوام متحدہ اور دیگر فورمز پر بات کرنی چاہیے۔
ن لیگی رہنما کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے بم باری کی شدت میں کوئی کمی نظر نہیں آ رہی، فلسطینیوں کا حق ہے کہ وہ اپنی مرضی سے اپنا فیصلہ کر سکیں، دو قومی نظریہ اس مسئلے پر پورا اترتا ہے۔