راولپنڈی (ٹی این ایس) خیبر میں کرنل سمیت 4 فوجی شہید، 3 دہشت گرد ہلاک

 
0
125

ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 4 جوان شہید ہوگئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کی قیادت لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر نے کی، سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا کامیابی سے محاصرہ کیا۔

دوران آپریشن سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 3 دہشت گرد مارے گئے اور 3 دہشت گرد زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 4 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔شہدا میں لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر، نائیک خوشدل خان، نائیک رفیق خان اور لانس نائیک عبدالقادر شامل ہیں۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیرنس آپریشن کیا گیا، سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی یہ قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔