سعودی عرب نے قطر ، فلسطین کے تمام عازمین حج کو خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا خصوصی مہمان قرار دے دیا

 
0
484

اسلام آباد اگست17 (ٹی این ایس)سعودی عرب نے قطر اور فلسطین کے تمام عازمین حج کو خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا خصوصی مہمان قرار دے دیا ہے۔ جمعرات کو پاکستان سے خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے خصوصی مہمان عازمین حج کو الوداع کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ سعودی حکومت نے قطر اور فلسطین کے حجاج کرام کو خصوصی درجہ دے دیا ہے اور شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے خصوصی مہمان ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات ہمیشہ سے تاریخی رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان دنوں ملکوں کی حفاظت کرے اور انہیں ہر قسم کے شر سے محفوظ رکھے۔ انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کا سعودی عرب میں ہونا بہت بڑی سعادت ہے اور سعودی حکومت اس کا حق ادا کرنے کی کوشش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے قیام سے لے کر اب تک حرمین میں کئی توسعیات کی گئیں اور سعودی عرب نے ہمیشہ امت کے درد کو محسوس کیا اور جو کچھ ممکن تھا امت مسلمہ کی بہتری کیلئے پیش کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ پاکستان اور سعودی عرب کی یہ محبتیں ہمیشہ قائم و دائم رکھے۔ دونوں ممالک کے تعلقات میں اضافہ ہو رہاہے اور اس سال بھی سعودی حکومت نے حج کے بہتر انتظامات کئے ہیں۔ ہم سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی وزیر مذہبی امور شیخ صالح بن عبدالعزیز کے بھی شکرگزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف حکومت نے اپنے دور میں تمام حجوں کے مواقع پر شاندار انتظامات کئے اور اس سال بھی انتہائی شاندار انتقامات کئے گئے ہیں۔ تاہم اگر کسی حاجی کو کسی قسم کی شکایت ہو تو اسے بھی فوری حل کیا جا رہا ہے۔ تقریب کے آخر میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے خصوصی مہمان کے طور پر حج کی سعادت حاصل کرنے والوں کے ناموں کا اعلان کیا گیا اور سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی، نائب سفیر جاسم الخالدی، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف، خطیب بادشاہی مسجد مولانا عبدالخبیر آزاد، حافظ طاہر محمود اشرفی اور دیگر مہمانوں نے منتخب ہونے والے عازمین حج کو سفری دستاویزات، قرآن پاک اور احرام پیش کئے۔