رحیم یارخان اگست17(ٹی این ایس): رحیم یارخان سمیت بہاولپور ڈویژن سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی نے آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے ملاقات کی اور انہیں اپنے اپنے انتخابی حلقوں میں ترقیاتی سکیموں سے متعلق بریفنگ دی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے اراکین اسمبلی کو ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے اپنی بھرپور صلاحتیں بروئے کار لائیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی پر خاص توجہ مرکوز کررکھی ہے اور وہاں جاری ترقیاتی عمل کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ جنوبی پنجاب کی پسماندگی کا خاتمہ اور عوام کا معیار زندگی بلند کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ میٹنگ میں وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ‘ وزیر مملکت سردار ارشد خان لغاری‘ ممبران اسمبلی مخدوم خسرو بختیار‘ مخدوم سید علی حسن گیلانی‘ سید محمداصغر‘ میاں امتیازاحمد‘ شیخ فیاض الدین‘ طاہر بشیر چیمہ‘ زیب جعفر‘ مائزہ حمید‘ صبیحہ نذیر شریک تھیں۔