کوئٹہ(ٹی این ایس) انتخابات میں ٹھپے لگے توبلوچستان ، وفاق سے دور ہو جائیگا، عبدالمالک بلوچ

 
0
92

سابق وزیر اعلی بلوچستان اور نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کا کہنا ہے کہ بلوچستان کی صورتحال کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے، انتخابات میں اگر ٹھپے لگے تو بلوچستان کے عوام اور وفاق کے درمیان دوریاں مزید بڑھیں گی، الیکشن کمیشن بلوچستان میں عوامی رائے کا احترام یقینی بنائے۔

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ نیشنل پارٹی کے تمام ورکرز جدوجہد کی پیداوار ہیں۔انھوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ بندوق مسائل کا حل نہیں مذاکرات سے ہی معاملات حل کیے جا سکتے ہیں، اگر اب بھی بلوچستان میں ٹھپے لگے تو بلوچستان وفاق سے دور ہو جائے گا۔ بلوچستان کے حقیقی نمائندے ہی بلوچستان کے مسائل حل کروا سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بڑی سیاسی جماعتوں کی جانب سے بلوچستان میں سیاسی ٹرانسفر پوسٹنگ کا اور الیکٹ ایبلز کے نام پر لوگوں کو یہاں پارٹیاں تبدیل کروانے کی مذمت کرتے ہیں، سیاسی ہیر پھیر سے ڈیل کرنا بلوچستان کے ساتھ ناانصافی ہے۔اس موقع پر بلوچستان کے سابق سنیئر قوم پرست رہنما مرحوم ڈاکٹر عبدالحئی بلوچ کے فرزند ایڈووکیٹ جنگیز حئی بلوچ نے اپنے حامیوں سمیت نیشنل پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔