اسلام آباد(ٹی این ایس) مجھ پر جرمانہ لگانے اور پگڑی اچھالنے والوں کا سود سمیت احتساب ہوگا، فیصل واوڈا

 
0
361

سابق سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ مجھ پر جرمانہ لگانے اور پگڑی اچھالنے والوں کا سود سمیت احتساب ہوگا۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں فیصل واوڈا نے کہا کہ مجھ پر اللہ تعالی کا احسان ہے اور کسی کا نہیں۔ بھولا میں نہیں ہوں۔

انہوں نے کہا کہ میری ماں جو اس دنیا میں نہیں ہے ( اللہ جنت نصیب کرے) ان کی بیماری کے دوران فیصلہ کرنے والوں نے مجھ پر جرمانہ لگایا تھا اور پگڑی اچھالی تھی۔احتساب تو ان کا بھی ہوگا،سود سمیت۔ اس کے لیے مجھے 20 سال ہی انتظار کیوں نہ کرنا پڑے۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ اللہ کا پھر شکر ادا کرتا ہوں کہ فیصل واوڈا کے کندھوں پر رکھ کے میاں نواز شریف اور دیگر ماشااللہ سے اہل ہونے جا رہے ہیں۔ پیشگی مبارکباد دیتا ہوں کہ لنگڑی لولی ن لیگ کا وزیراعظم اسی واوڈا کے کندھے کا سہارا لے کر اقتدار میں آ رہا ہے۔ بیان میں فیصل واوڈا نے کہا کہ کہیں پر تیر کہیں پر نشانہ، اتنا جلدی تو تندور سے نان نہیں بنتا جتنی جلدی اس کام کی پڑی ہے۔ واہ کیا کمال ملک ہے۔