اسلام آباد(ٹی این ایس)الیکشن کا التوا چاہتے ہیں نہ بائیکاٹ، سپریم کورٹ فیصلے پر لازمی اپیل دائر کریں گے، بیرسٹر گوہر

 
0
62

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر خان کا کہنا ہے کہ بلے کا نشان نہ دینے سے جمہوریت کو نقصان پہنچا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے سے جمہوریت تباہ ہو گی اور کرپشن کا دروازہ کھلے گا، فیصلے پر نظر ثانی کی اپیل لازمی دائر کریں گے، بلے کا نشان لے کر عوام کے حقوق سلب کیے گئے، الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کریں گے، آزاد الیکشن لڑنے سے ہارس ٹریڈنگ کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔

راولپنڈی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے نے ہم سے بلے کا نشان چھین لیا، پی ٹی آئی متعلقہ انتخابی نشان کے ساتھ فہرست جاری کرے گی۔انہوں نے کہا کہ بلے کا انتخابی نشان نہ ملنے پر بانی پی ٹی آئی کو بھی دکھ ہوا لیکن سپریم کور ٹ آف پاکستان کے فیصلے کے باوجود الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کریں گے۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ سمجھتے ہیں کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے عوام کے حقوق متاثر ہوئے ہیں، کیا کسی جماعت سے انتخابی نشان واپس لیا جاسکتا ہے؟ الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گے، بلے کا نشان نہ دینے سے جمہوریت کو نقصان پہنچا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کارکنان سے کہا ہے کہ گھبرانا نہیں ہے، ڈٹے رہنا ہے اور اپنے ووٹ کی حفاظت کرنی ہے، کارکنان پرامن رہیں، اس میں کوئی دو راے نہیں ہے کہ جب آپ آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن میں جاتے ہیں تو ہارس ٹریڈنگ کے امکانات بہت بڑھ جاتے ہیں لیکن امید کرتے ہیں کہ جن لوگوں نے اپنے کاغذات نامزدگی میں خود کو تحریک انصاف کا امیدوار لکھا ہے وہ پارٹی چھوڑ کر کہیں نہیں جائیں گے۔

بیرسٹر گوہر نے یہ بھی کہا کہ امیدواروں کے نام اور نشانات کی فہرست 3 روز میں جاری کردیں گے، 8 فروری کو کارکنان اشتعال سے بچیں۔ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان کی رہائی سے متعلق کیس کی درخواست پر مقدمے کی تاریخ ابھی طے نہیں ہوئی تاہم دعا ہے جلد اس کیس کو سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹرگوہر نے لیول پلیئنگ فیلڈ توہین عدالت کیس میں الیکشن کمیشن کے خلاف نئی درخواست دائر کردی۔بیرسٹر گوہرخان کی جانب سے درخواست چیف الیکشن کمشنر اور چاروں ممبران کے خلاف دائر کی گئی ہے۔ درخواست میں چیف الیکشن کمشنراورممبران کو فریق بنانے کی استدعا کی گئی ہے۔