لاہور (ٹی این ایس) پیپلز پارٹی کے 7 امیدواروں سے تیر چھن گیا، آر اوز نے غیرقانونی فیصلہ کیا، رہنماں کی پریس کانفرنس

 
0
440

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے 7 امیدواروں کو ریٹرننگ افسران (آر اوز) نے آزاد امیدوار قرار دے دیا۔پیپلز پارٹی کے 7 امیدواروں سے تیر چھن گیا، پنجاب میں 7 امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ کے باوجود انتخابی نشان تیر الاٹ نہیں کیا گیا، جس کے بعد 3 قومی اسمبلی اور 4 پنجاب اسمبلی کے امیدوار پیپلز پارٹی کے انتخابی نشان سے محروم ہوگئے۔ریٹرننگ افسران نے پارٹی سرٹیفکیٹ اور ٹکٹ کے باوجود پیپلزپارٹی کے پنجاب میں سات امیدواروں کو آزاد امیدوار قرار دے دیا۔

امیدواروں کو انتخابی نشان نہ ملنے پر پیپلزپارٹی کے انچارج الیکشن سیل سینیٹر تاج حیدر نے الیکشن کمیشن کو تحفظات پر مبنی خط لکھ دیا۔تاج حیدر نے لکھا کہ پیپلزپارٹی کے امیدواروں کی جانب سے بروقت پارٹی سرٹیفکیٹ اور ٹکٹ ریٹرننگ افسران کو جمع کروائے گئے لیکن اس کے باوجود ہمارے امیدواروں کو پارٹی کا نشان تیر جاری نہ کرنا تشیوشناک ہے۔پیپلزپارٹی نے چیف الیکشن کمشنر سے صورتحال کا نوٹس لینے اور آر اوز کو فوری طور پر ہدایات جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

پیپلزپارٹی کی جانب سے قومی اسمبلی کے 3 اور پنجاب اسمبلی کے 4 امیدواروں کو انتخابی نشان سے محروم رکھنے کی نشاندہی کی گئی۔خط کے مطابق این اے 58 چکوال سے ذوالفقار علی خان، این اے 59 تلاگنگ / چکوال سے حسن سردار اور این اے 122 لاہور سے چوہدری عاطف رفیق کو تیر کا نشان جاری نہیں کیا گیا۔

پی پی 20 چکوال سے چوہدری نوشاد خان، پی پی 21 چکوال سے پیپلز پارٹی کے امیدوار راجہ امجد نور اور پی پی 119 ٹوبہ ٹیک سنگھ سے مجاہد اسلام کو انتخابی نشان تیر الاٹ نہیں کیا گیا۔اس کے علاوہ پی پی 163 لاہور میں محمد فیاض بھٹی کو بھی پیپلز پارٹی کا انتخابی نشان تیر جاری نہیں کیا گیا۔پیپلز پارٹی کے رہنما پریس کانفرنس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

دوسری جانب پنجاب میں پیپلزپارٹی کے 3 قومی اور 4 صوبائی امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پر پیپلز پارٹی کے سینئررہنما چوہدری منظور نے دیگر رہنماں کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔چوہدری منظور نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کیے تھے، ہمارے امیدواروں کو اس کے مطابق نشان الاٹ ہونے چاہیئے تھے، امیدوار اپنا سرٹیفکیٹ آر او کے پاس لے کر جاتا ہے، آر او پابند ہے کہ امیدوار کو سرٹیفکیٹ کے مطابق نشان الاٹ کرے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ امیدواروں کو غیر قانونی طور پر آزاد قرار دے دیا گیا، ہماری 2 پارٹیاں ہیں، پاکستاں پیپلز پارٹی اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز، ہماری دونوں پارٹیوں کا آپس میں الحاق ہے، اس معاہدے کے تحت ہمارے سارے امیدوار تیر کے نشان پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔

چوہدری منظور کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے سب امیدواروں کو بر وقت پارٹی ٹکٹ سرٹیفکیٹ جاری کیے، بدقسمتی سے الیکشن کمیشن نے پنجاب میں 7 امیدواروں کو تیر کا نشان دینے سے انکار کیا، ان امیدواروں کو زبردستی آزاد امیدوار ڈکلیئر کر دیا گیا، ہم نے الیکشن کمیشن کو اس حوالے سے خط لکھا لیکن تاحال جواب نہیں ملا۔