اسلام آباد(ٹی این ایس)سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید کا استعفی منظور کرلیا

 
0
107

چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سیکریٹری عمر حمید کا استعفی منظور کرتے ہوئے ڈاکٹر سید آصف حسین کو ان کی جگہ نیا سیکریٹری تعینات کردیا۔الیکشن کمیشن نے عمر حمید کے استعفی منظور کیے جانے اور کمیشن کے نئے سیکریٹری کی تعیناتی کا الگ الگ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کمیشن کے سیکریٹری عمر حمیدخان نے صحت کی خرابی کے باعث استعفی دیا تھا، جس سے چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن کمیشن کے قواعد کے مطابق منظور کرلیا ہے اور اس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
عمر حمید کو 9 جولائی 2021 کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کا سیکریٹری تعینات کردیا گیا تھا اور وہ 16جنوری 2024 کو استعفے تک عہدے پر براجمان رہے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان سے جاری دوسرے نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ چیف الیکشن کمشنر نے الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 6(2) کے ساتھ الیکشن کمیشن رولز 1989 کے 8، 9 اور 10 کے تحت ڈاکٹر سید آصف حسین کو نیا سیکریٹری تعینات کردیا ہے، جو 22 گریڈ کے ریٹائرڈ افسر اور اس وقت الیکشن کمیشن اسلام آباد سیکریٹریٹ میں اسپیشل سیکریٹری کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔