فیصل آباد (ٹی این ایس) محکمہ موسمیات کی طویل خشک سالی کے بعد بارشوں کی پیش گوئی

 
0
52

محکمہ موسمیات نے طویل خشک سالی کے بعد بارشوں کی پیش گوئی کی ہے اور کہا ہے کہ مغربی ہواؤں کے 2 سلسلے ملک پر اثر انداز ہونے کو تیارہیں جن میں سے ایک سلسلہ 26 اور 27جنوری جبکہ دوسرا سلسلہ 27 کی رات سے 31جنوری تک اثر انداز ہوگانیزاس دوران گرج چمک کے ساتھ بارشیں اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق فیصل آباد، جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ،لاہور،گوجرانوالہ،سرگودھا،خوشاب، مریدکے، شیخوپورہ،ننکانہ صاحب اور گردونواح میں 26 جنوری سے موسم ابر آلود ہو جائے گااور27 سے 31جنوری کے دوران بیشتر علاقوں میں ہلکی سے معتدل بارشوں کا امکان ہے۔اسکے علاوہ ملتان، بہاولپور، لیہ، بھکر، ڈیرہ غازی خان،ساہیوال،بوریوالا،وہاڑی،بہاولنگر، حاصل پور، چشتیاں اور گردونواح میں بھی ہلکی بارش ہو سکتی ہے لیکن اس کے امکانات30فیصد تک ہیں مگر اس دوران سردی کی شدت برقرار رہے گی اور دھند کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔

انہوں نے بتایا کہ27 سے 31 جنوری کے دوران راولپنڈی،اسلام آباد، مری، اٹک،چکوال،میانوالی،تلہ گنگ، کلرسیداں، گجرخان، سیالکوٹ، جہلم، کھاریاں، لالہ موسیٰ، وزیر آباد، گجرات، نارووال، منڈی بہاؤالدین اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ معتدل سے تیز بارشوں کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مری میں موسم سرما کی پہلی اچھی برفباری کا امکان ہے۔