لاہور(ٹی این ایس) وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت کابینہ کا 40واں اجلاس

 
0
112

وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت کابینہ کا 40واں اجلاس، انتخابات کے پر امن انعقاد پر پولیس، انتظامیہ اور قانون فافذ کرنیوالے اداروں کو خراج تحسین پیش
پنجاب بھر میں پرامن ماحول میں عام انتخابات کا مرحلہ مکمل، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس،انتظامیہ اور فیلڈ فارمیشنز کو مبارکباد دیتا ہوں: محسن نقوی
نگران حکومت نے قومی ذمہ داری کو احسن طریقے سے ادا کیا، جس مقصد کیلئے آئے تھے اس میں سرخرو رہے، مختصر مدت میں عوام کو ریلیف دینے کی پوری کوشش کی
پنجاب کابینہ کا سموگ میں کمی کیلئے بڑا اقدام، 10ہزار طلباء و طالبات کو آسان شرائط پربلاسود الیکٹرک بائیکس دینے کی منظوری
کابینہ کا پنجاب چیرٹیز کمیشن کی ایپلیٹ کمیٹی کی تشکیل اوربزنس فیسیلیٹیشن سنٹرز کیلئے فنڈزکی منظوری
لاہور13فروری:……وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا 40واں اجلاس وزیر اعلیٰ آفس میں منعقد ہوا جس میں 8فروری کے عام انتخابات کے پر امن انعقاد پر پولیس، انتظامیہ اور قانون فافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھر میں پرامن ماحول میں عام انتخابات کا مرحلہ مکمل ہوا،جس پر چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس،انتظامیہ اور فیلڈ فارمیشنز کو مبارکباد دیتا ہوں۔ نگران حکومت نے قومی ذمہ داری کو احسن طریقے سے ادا کیا۔ ووٹرز نے پرامن ماحول میں حق رائے دہی استعمال کیا اورآزادانہ ووٹنگ سے اپنے نمائندے منتخب کئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم جس مقصد کے لئے آئے تھے الحمد للہ اس میں سرخرو رہے۔ مختصر مدت میں عوام کو ریلیف دینے کے لئے جو کر سکتے تھے وہ کرنے کی پوری کوشش کی۔ پوری ٹیم کا ضمیر مطمئن ہے کہ ہم نے حتی الوسع عوام کی خدمت کرنے کی کوشش کی۔ اجلاس میں پنجاب کابینہ نے سموگ میں کمی کیلئے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے 10ہزار طلباء و طالبات کو آسان شرائط پربلاسود الیکٹرک بائیکس دینے کی منظوری دی۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ طلباو طالبات کوپنجاب بینک کے تعاون سے10ہزار الیکٹرک بائیکس بلاسود آسان شرائط پر دی جائیں گی۔ 7ہزارالیکٹرک بائیکس طلبا جبکہ 3ہزارالیکٹرک بائیکس طالبات کودی جائیں گی۔کابینہ نے پنجاب چیرٹیز کمیشن کی ایپلیٹ کمیٹی کی تشکیل اوربزنس فیسیلیٹیشن سنٹرز کیلئے فنڈز کے اجراء کی منظوری دی۔ کابینہ نے ریسکیو1122ایمولینسزمیں ہارٹ اٹیک کے مریضوں کیلئے آٹو میٹڈ ایکسٹرنل ڈیفیبریلیٹر نصب کرنے کی منظوری دی۔ اجلاس میں بہاولپور،لاہور اور ملتان میں ڈرگ کورٹ کے چیئرپرسن کی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی امن وامان کے 16ویں اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ صوبائی وزراء، مشیران، چیف سیکرٹری،ایڈووکیٹ جنرل پنجاب، انسپکٹر جنرل پولیس، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور متعلقہ محکموں کے
سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی۔