لاہور(ٹی این ایس) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے آج پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل)9ایڈیشن کی ٹرافی کی رونمائی کر دی

 
0
269

کرکٹ میلہ سجنے کو تیار،شائقین بے تاب،چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پی ایس ایل 9ایڈیشن کی ٹرافی کی رونمائی کر دی
پی ایس ایل 9 زبردست ٹورنامنٹ ہو گا،تیاریاں مکمل ہیں،ٹیمیں لاہور پہنچنا شروع،محنت میں کوئی کمی نہیں چھوڑیں گے:محسن نقوی
پی سی بی میں وقت کے ساتھ تبدیلیاں ہوں گی، ایک ہفتے کے دوران متعدد ضروری فیصلے کئے، انشاء اللہ پی ایس ایل کو بڑا ٹورنامنٹ بنائیں گے
ماضی کے مسائل کو بھی سمجھ رہاہوں، کمزوریاں بھی جان رہا ہوں،انشاء اللہ تمام رزلٹ آپ کے سامنے ہو گااورکوئی چیز چھپے گی نہیں:میڈیا سے گفتگو
لاہور13 فروری:……چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے آج پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل)9ایڈیشن کی ٹرافی کی رونمائی کر دی۔پی ایس ایل 9ایڈیشن کی ٹرافی کی تقریب رونمائی پولو گراؤنڈ جیلانی پارک میں منعقد ہوئی۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی تقریب میں پہنچے تو ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا گیا۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے فرنچائز مالکان اورٹیموں کے کپتانوں سے ملاقات کی۔تقریب کے آغاز پر قومی ترانہ پیش کیا گیا۔پولو سٹارز قومی پرچم،پی ایس ایل کا پرچم اور تمام ٹیمز کے پرچم اٹھا کر گراؤنڈ میں داخل ہوئے۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے فرنچائز مالکان اور کپتانوں کے ساتھ مل کر پی ایس ایل 9ایڈیشن کی ٹرافی کی رونمائی کی۔صوبائی مشیر وہاب ریاض،کمشنر لاہور،چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلمان نصیر،سابق کرکٹرز اور شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج پی ایس ایل 9کی ٹرافی کی رونما ئی کی گئی،امید ہے کہ یہ ایک زبردست ٹورنامنٹ ہو گا۔پی سی بی کی پوری ٹیم پی ایس ایل 9کی تیاری کررہی ہے اور ٹیمیں لاہور پہنچنا شروع ہو گئی ہیں۔17فروری کو پہلا میچ ہو گا،ہماری طرف سے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ امید ہے کہ پاکستان کے لوگ ایک بڑا ٹورنامنٹ دیکھیں گے۔ پی سی بی کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر بریفنگ لے رہا ہوں،پوری کوشش ہے کہ پی ایس ایل9ایک بڑا ایونٹ بنے اور ٹورنامنٹ کے حوالے سے انتظامات کو بہتر بنانے کے لئے ہر سطح کوشش کی گئی ہے۔ ہم محنت میں کوئی کمی نہیں چھوڑیں گے۔محسن نقوی نے کہا کہ پی سی بی میں وقت کے ساتھ تبدیلیاں ہوں گی،ابھی ایک ہفتے کے دوران متعدد ضروری فیصلے کئے ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ انشاء اللہ پی ایس ایل کو بڑا ٹورنامنٹ بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کام کا دونوں طرف سے دباؤ ہے،کچھ بریفنگز لے لی ہیں باقی جاری ہیں۔جب پی سی بی کے مسائل کی پوری تصویر سامنے آئے گی تب مزید فیصلے کئے جائیں گے،اس کیلئے کچھ وقت درکار ہے۔ماضی کے مسائل کو بھی سمجھ رہاہوں، کمزوریاں بھی جان رہا ہوں،انشاء اللہ تمام رزلٹ آپ کے سامنے ہو گااورکوئی چیز چھپے گی نہیں۔


٭٭٭٭