اسلام آباد(ٹی این ایس) دھاندلی کے خلاف ثبوت لیکر سپریم کورٹ جائیں گے: شعیب شاہین

 
0
48

پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین نے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی کے خلاف ثبوت لے کر سپریم کورٹ میں جائیں گے۔پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین نے اڈیالہ جیل کے باہر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج خان صاحب سے ملاقات میں الیکشن کے بعد کی صورتحال پر گفتگو ہوئی ہے ،الیکشن کمیشن ن لیگ کے ساتھ مل کر دھاندلا کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سپریم کورٹ میں پٹیشن لے کر جائیں گے اور ثبوت پیش کریں گے کہ کیسے آر اوز سے مل کر دھاندلی کی گئی ۔

شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ فافن اور فوٹن نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کو استعفی دے دینا چاہیے کس طرح الیکشن کمیشن نے ہر قدم پر دھاندلی کی ہے۔رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ آخری رات میں فارم 47 کے ذریعے لوگوں کو جیتوایا گیا، موڈیز نے بھی رپورٹ دی ہے کہ دھاندلی سے پاکستان میں سیاسی استحکام نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پروگرام کو مشروط طور پر سپورٹ کیا تھا، آئی ایم ایف سے معاہدے سے بجلی، گیس بلوں میں اضافہ ہوگا، سیاسی استحکام ہوگا تو سرمایہ کاری آئی گی، بجلی کا یونٹ 70 روپے تک ہوگیا ، گیس بھی مہنگی ہوئی اگر یہ رفتار رہی تو گیس کا بل 1 لاکھ روپے پر چلا جائے گا ۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ان حالات میں کون بزنس مین ہوگا جو مہنگی بجلی اور گیس سے کاروبار چلا سکے گا ، ان حالات میں جو حکومت آئے گی ان کو عوام کی سپورٹ نہیں ہوگی۔شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ ہم نے فری اینڈ فئیر الیکشن کے ساتھ آئی ایم ایف معاہدے کو مشروط کیا تھا، سود اور آمدنی کی رقم کو دیکھیں اورمزید قرضہ لینا ہے تو کیسے قرض اتاریں گے؟

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کی صورت میں جو تباہی ہوچکی ہے اس سے زیادہ تباہی ہوگی، اس ملک کے اصل وارث عوام کو اس ملک کا اختیار دیا جائے۔رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ ہمیں امید ہے کہ سپریم کورٹ ہمیں انصاف دے گی، سپریم کورٹ نے 5 ممبر بینچ کا فیصلہ کیا تھا، قاضی فائز عیسی عمران خان کے مقدمات میں طرفداری ظاہر کرتے ہیں، ہماری اپیل ہوگی کہ پی ٹی آئی کیسز میں قاضی فائز عیسی نہ بیٹھیں۔

شعیب شاہین کا مزید کہنا تھا کہ ہم کے پی کے تمام حلقے کھولنے کے لیے تیار ہیں، شہباز شریف 25 کروڑ عوام کا دشمن ہے، مریم نواز ایک کٹ پتلی ہے ان کو حکمرانی کا کوئی اختیار نہیں ہے، ریزرو سیٹیں ہمارا حق ہے، الیکشن کمیشن بہت زیادتی کررہا ہے۔