اسلام آباد(ٹی این ایس) ایوان صدر کا نیا مکین کون؟ صدارتی انتخاب کیلئے پولنگ کے عمل کا آغاز

 
0
38

ملک کے 14 ویں صدر کے انتخاب کیلئے پولنگ کے عمل کا آغاز ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت کے انتخابات کیلئے قومی اسمبلی، سینیٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں صبح 10 بجے شروع ہونے والی پولنگ شام 4 بجے تک جاری رہے گی۔
حکمران اتحاد کی جانب سے پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری امیدوار ہیں جبکہ ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے نامزد محمود خان اچکزئی ہیں۔
آصف زرداری کو مسلم لیگ (ن)، ایم کیو ایم، مسلم لیگ (ق)، استحکام پاکستان پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی اور عوامی پارٹی کی حمایت حاصل ہے جبکہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو سنی اتحاد کونسل کی حمایت حاصل ہے۔
جمعیت علمائے اسلام اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے صدارتی انتخاب کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔
ووٹرز قومی اور صوبائی اسمبلی اور سینیٹ سیکرٹریٹ کے جاری کردہ شناختی کارڈ اپنے ہمراہ لانے کے پابند ہیں، بیلٹ پیپر پر ووٹر پسند کے امیدوار کے نام کے سامنے خصوصی پینسل سے کراس لگائے گا۔
سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والا امیدوار صدر پاکستان ہوگا، اگر دونوں امیدوار برابر ووٹ حاصل کرتے ہیں تو فیصلہ قرعہ اندازی سے کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سینیٹ، قومی اسمبلی اور ملک کی چاروں صوبائی یعنی خیبر پختونخوا، پنجاب، سندھ اور بلوچستان اسمبلیوں کے اراکین کی کُل تعداد 1185 ہے، ان میں سے سینیٹ ارکان کی تعداد 100، قومی اسمبلی کے ارکان کی تعداد 336 جبکہ چاروں صوبائی اسمبلیوں کے کُل ارکان کی تعداد 749 ہے۔
ممبر الیکشن کمیشن آف پاکستان نثار درانی نے کہا ہے کہ اطمینان رکھیں الیکشن صاف شفاف ہوں گے۔
میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے نثار درانی کا کہنا تھا کہ صدارتی انتخابات کے انتظامات مکمل ہیں، انتخابی میٹریل اور سٹاف پہنچ چکا ہے، اطمینان رکھیں الیکشن صاف شفاف اور پر امن ہوں گے، ووٹر لسٹ آج چیلنج نہیں ہوسکتی۔
اس موقع پر اسلام آباد کے ریڈ زون میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
شہر بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے اور 600 سے زائد پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے، غیر متعلقہ افراد کے ریڈ زون میں داخلے پر پابندی ہوگی اور پارلیمنٹ کے اندر جانے کی اجازت صرف پاسز کے حامل افراد کو ہی ہوگی۔