کینبرا(ٹی این ایس) آسٹریلیا ، ارب پتی تاجر کا ٹائی ٹینک 2 بنانے کا اعلان

 
0
86

آسٹریلیا کے ارب پتی تاجر کلائیو پامر نےٹائی ٹینک 2جہاز بنانے کا اعلان کیا ہے۔دی گارڈین کے مطابق ارب پتی کلائیو پامر نے گزشتہ صدی میں غرق ہونے والے عظیم بحری جہاز ٹائی ٹینک کے مقابلے میں بہت بڑے جہاز “ٹائٹینک 2″بنانے کا اعلان کیا ہے۔

کلائیو پامر نے اس بات کا اعلان سڈنی اوپرا ہاؤس میں کیا جہاں انہوں نے میڈیا کو اپنے نئے وژن سے متعلق بتایا۔انہوں نے 10 برس قبل لندن کے رٹز ہوٹل میں پریس کانفرنس کر کے ایسے ہی جہاز کے بارے میں اپنے دیرینہ خواب کے بارے میں بتایا تھا،انہوں نے کہا تھا کہ میرے پاس ٹائی ٹینک جیسے 10 جہاز بنانے کے پیسے موجود ہیں،اس کے بعد پارمر نے بطور فیڈرل ایم پی کام کیا اور اپنی سیاسی پارٹی کو دوبارہ سے قائم کرتے ہوئے قانونی معاملات پر لاکھوں ڈالر خرچ کیے۔

ٹائی ٹینک ٹو پر کام 2015 میں پامر کی کمپنی اور چینی کمپنی سائٹک کے درمیان مالی معاملات کی ادائیگی پر تنازعے کے بعد روک دیا گیا تھا، تاہم 2018 میں ایک مرتبہ پھر اس بحری جہاز کو بنانے اور 2022 میں اسے سمندر میں اتارنے کا اعلان کیا گیا۔انہوں نے اپنی حالیہ پریس کانفرنس میں کلائیو پامر نے ٹائی ٹینک 2 میں ہونے والی تاخیر کا ذمہ دار کورونا وائرس کی وبا کو ٹھہرایا ۔

انہوں نے کہا کہ وہ اس بات پر پُراعتماد ہیں کہ آئندہ برس کے آغاز میں ہونے والی اس بیڑے کی تعمیر کے لیے شپ یارڈ حاصل کر لیں گے۔اس بحری جہاز کا پہلا سفر جون 2027 میں 1912 میں غرق ہونے والے بدقسمت ٹائی ٹینک جہاز کی طرح ساؤتھمپٹن سے نیو یارک تک ہوگا۔کلائیو پامر کے مطابق 56 ہزار ٹن وزن کے اس جہاز پر 50 کروڑ سے ایک ارب ڈالر تک لاگت آئے گی۔