وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)نے ڈیرہ غازی خان سے ایک منظم حوالہ ہنڈی گینگ کے تین ارکان کو گرفتار کرلیا ۔ ایف آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ گرفتار افراد کی شناخت علی حیدر، محمد خان، عبدالعزیز کے نام سے ہوئی ہے اور ملزمان کے قبضے سے 59 لاکھ روپے کی بھاری رقم، ڈیبٹ کارڈ، چیک بک اور موبائل فونز بھی برآمد کیے گئے ہیں۔
اس سے قبل وفاقی تحقیقاتی ادارے نے انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی منی ایکسچینج کے کاروبار کو چلانے میں مبینہ طور پر ملوث چار مطلوب ملزمان سمیت مجموعی طور پر سات افراد کو گرفتار کرنے کا دعوی کیا تھا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کو ملتان، ڈی جی خان اور بہاولپور سمیت ملک بھر کے مختلف شہروں سے گرفتار کیا گیا۔ایف آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ گرفتار افراد کے قبضے سے 10 لاکھ روپے سے زائد کی مقامی کرنسی، جبکہ 4562 سعودی ریال کی غیر ملکی کرنسی کی ایک بڑی رقم بھی برآمد ہوئی ہے۔ ایف آئی اے نے اس قسم کے غیر قانونی طریقوں کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔