چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ کی پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات جبکہ ان کے ہمراہ پیپلز پارٹی کے رہنما میاں خرم رسول بھی موجود تھے
اسلام آباد(17 اپریل 2024) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے نو منتخب چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ کا چیئرمین منتخب ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما میاں خرم رسول بھی ہمراہ موجود تھے۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات کے دوران ملکی مجموعی صورتحال سمیت سیاحت کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر گلگت بلتستان نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کو گلگت بلتستان کے انتظامی امور سمیت درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سیاحت کی دولت سے مالا مال ہے اگر اس پر مناسب توجہ دی جائے تو سیاحت کی مد میں خطیر آمدن حاصل ہو سکتی ہے۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ملک کی مجموعی صورتحال سمیت گلگت بلتستان کے حوالے سے کہا کہ گلگت بلتستان قدرتی حسن کی دولت سے مالا مال ہے۔ یہ خطہ دنیا بھر کے سیاحوں کیلئے ایک حسین اور پر کشش مقام ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ سیاحت کے مقامات کو بھرپور انداز میں اجاگر کیاجائے تاکہ دنیا بھر کے سیاح اس جانب متوجہ ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات کا شمار دنیا کے خوبصورت علاقہ جات میں ہوتا ہے۔ سیاحت کے فروغ سے نہ صرف مقامی آبادی کو روزگار میسر ہوگا بلکہ ملک کی بہتری کے لئے بھی موثر ثابت ہوگا۔
***************