نواز شریف کے بچوں، داماد نے بھی پاناما فیصلہ چیلنج کردیا

 
0
335

اسلام آباداگست25(ٹی این ایس)حسین ،حسن نواز اور مریم نواز نے پاناما کیس کافیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے عدالت عظمیٰ سے 28 جولائی کا پانامہ کیس کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کردی ہے، جمعہ کو سابق وزیراعظم نوازشریف کے دونوں صاحبزادوں حسین، حسن نواز ، مریم نواز اورکیپٹن صفدر کی جانب سے دو نظر ثانی درخواستیں دائرکی گئیں جس میں ایک نظر ثانی درخواست 5 رکنی بینچ کے فیصلے کے خلاف جبکہ دوسری نظر ثانی درخواست 3 رکنی بینچ کے فیصلے کے خلاف دائر کی گئی، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ عدالتی فیصلے سے شفاف ٹرائل اور اپیل کے حقوق سلب ہوئے ہیں ، پانامہ کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے جوتحقیقات کی وہ انصاف کے تقاضوں کے منافی ہیں، عدالتی فیصلے میں دی گئی آبزرویشنز سے متعلقہ فورم پر مقدمہ کی کارروائی متاثرہوگی، کیپٹن صفدرکے خلاف لندن فلیٹس کی خریداری کا کوئی الزام یا ثبوت نہیں جب کہ عدالت نے کیپٹن صفدر کے خلاف بھی ریفرنس دائر کرنے کا حکم دے دیا، درخواست میں موقف اختیارکیا گیا کہ نگران جج کی تعیناتی بنیادی حقوق کے منافی ہے، نگران جج کی تعیناتی آرٹیکل 4، 10 اے، 25 اور175 کی خلاف ورزی ہے، فائنڈنگ کی روشنی میں عدالت خود شکایت کنندہ بن گئی ہے، جے آئی ٹی رپورٹ پر اعتراضات کو زیر غور نہیں لایا گیا، جے آئی ٹی رپورٹ پر سماعت تین ججز نے کی، دو ججز 20 اپریل کے فیصلے کے بعد بینچ میں نہیں بیٹھ سکتے تھے، تین ججز نے 20 اپریل کے عدالتی فیصلہ پرعمل کرایا، یا د رہے کہ سپریم کورٹ نے 28 جولائی کو پاناما کیس کا فیصلہ سنایا تھا جس میں نوازشریف کو بطور وزیراعظم نااہل قرار دیا گیا جب کہ عدالتی فیصلے میں شریف خاندان سمیت اسحاق ڈار کے خلاف نیب ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا گیا ،میاں نوازشریف اور اسحاق ڈار پہلے ہی فیصلے کے خلاف نظر ثانی کی درخواستیں دائر کرچکے ہیں۔