سرحدی حدود کے مسئلے پر انڈیا کہتا کچھ ہے اور کرتا کچھ ہے ،چینی وزارت خارجہ

 
0
337

بیجنگ  اگست25(ٹی این ایس)بھا رت کی جانب سے متنازع علاقے میں سڑک تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی کی اطلاعات پر چین نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈیا کہتا کچھ ہے اور کرتا کچھ ہے۔انڈین میڈیا میں چینی سرحد کے قریب متنازع علاقے میں سڑک کی تعمیر پر آنے والی خبروں پر جواب دیتے ہوئے چینی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ہو شینگ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ انڈیا نے خود کو ہی تھپڑ جڑ دیا ہے اور اس سے پتہ چلتا ہے کہ سرحدی حدود کے مسئلے پر انڈیا کہتا کچھ ہے اور کرتا کچھ ہے۔

چینی وزارتِ خارجہ کی ترجمان ہو شینگ نے کہا کہ انڈیا کے اس فیصلے سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی اور بڑھے گی۔ترجمان ہو شینگ کہا کہ’انڈیا حالیہ دنوں چین کی سڑک بنانے کی کوششوں کے پیچھے لگا ہے لیکن انڈیا نے اپنی سرگرمیوں سے ہی یہ ثابت کیا ہے کہ وہ کہتے کچھ ہیں اور کرتے کچھ ہیں۔’انہوں نے کہا کہ ‘اس علاقے میں انڈیا کی جانب سے سڑک کی تعمیر وہاں امن اور استحکام کے لیے فائدہ مند نہیں ہے۔’خیال رہے کہ انڈیا، چین اور بھوٹان کی سرحد کے قریب ایک ٹرائی جنکشن پر سڑک کی تعمیر کے حوالے سے دو ایشیائی حریفوں کے درمیان تعطل برقرار ہے۔دونوں ہی ملک اپنی اپنی سرحدوں پر فوجیوں کی بنیادی سہولیات میں اضافہ کر رہے ہیں، کیونکہ دونوں ہی اس علاقے میں طاقت کے توازن کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں