قاہرہ جنوری 7(ٹی این ایس)مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں پولیس کے زیر حراست ایک شخص کی ہلاکت کے بعد مشتعل مظاہرین نے تھانے پر حملہ کر دیا اور پولیس کے ساتھ جھڑپ میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔مصر کی سرکاری خبررساں ایجنسی نے ایک بے نامی سکیورٹی اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ مظاہرین نے پولیس کی ایک کار کو نذر آتش کردیا ہے۔
انھوں نے تھانے پر پتھراؤ کیا ہے اور اس پر دھاوا بولنے کی کوشش کی ہے۔اس اہلکار کے مطابق پولیس نے مرنے والے شخص کو منشیات کے ایک کیس میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔سکیورٹی اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے اشک آور گیس کے گولے فائر کیے ہیں اور متعدد افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ مصری حکام نے جھڑپوں میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔