اسلام آباد 10 نومبر 2021 (ٹی این ایس): کویتی گلوکارہ شمس الاسلمی نے دنیا کے امیر ترین شخص اور مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کو شادی کی پیشکش کر دی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کویتی گلوکارہ شمس الاسلمی نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ بل گیٹس کافی ذہین شخص ہیں اور وہ موجودہ ڈیجیٹل دور کے چراغ ہیں۔ ان کی مستقبل کے حوالے سے پیش گوئیاں اور معلومات مجھے متاثر کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ اسے لیے میں بل گیٹس کو شادی کی پیشکش کرتی ہوں ۔ ساتھ ہی انہوں نے اپنے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے پوچھا کہ کیا بل گیٹس میری پیشکش قبول کریں گے؟
شمس الاسلمی نے یہ ٹویٹ بل گیٹس سے متعلق ایک خبر کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا تھا ۔ جس میں مائیکرو سافٹ کے بانی کا کہنا تھا کہ دنیا ممکنہ طور پر مستقبل میں چیچک کا سامنا کر سکتی ہے۔ لہٰذا تحقیق کے لیے فنڈز مختص کرنا ہوں گے۔
گلوکارہ کی ٹویٹ پر مقامی اور انٹر نیشنل میڈیا پر خوب چرچا ہوا جس کے بعد انہوں نے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا نے اسے غلط انداز میں پیش کیا انہوں نے یہ بات صرف مذاق میں کی تھی۔
خیال رہے کہ مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس اور ان کی اہلیہ نے شادی کے 27 سال بعد علیحدگی اختیار کر لی تھی۔