بہروپیوں کا ٹولا اور کرپٹ مافیا کی باقیات کی انجمن سندھ کے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتی، سعید غنی

 
0
452

سکھر :اگست26 (ٹی این ایس) سکھر  میں  پی ٹی آئی کے جلسے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا  ہےکہ بہروپیوں کا ٹولا اور کرپٹ مافیا کی باقیات کی انجمن سندھ کے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتی،عمران خان سچے ہیں تو عدالتوں سے کیوں بھاگ رہے ہیں؟۔

سعید غنی نے کہا کہ عوام اس بات سے آگاہ ہے کہ اسد عمر کے والد جنرل عمر کو مشرقی پاکستان میں کالے کرتوت اور کرپشن کی بنیاد پر محمو الرحمن کمیشن کی رپورٹ پر عمل کرتے ہوئے نوکری سے فارغ کیا گیا تھا، جہانگیر ترین کے والد کی کرپشن کے ملتان کے لوگ گواہ ہیں،  عمران خان کے والد کو بھی کرپشن کے الزامات ثابت ہونے پر ملازمت سے فارغ کیا گیا تھا جبکہ شاہ محمود قریشی کی تاریخ یہ ہے کہ انہوں نے کپڑے کم پارٹیاں زیادہ تبدیل کی ہیں۔

سعید غنی نے کہا کہ سکھر میں باہر کے لوگ لا کر شو کر کے یہ باور کرانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ ان کا جلسہ بڑا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے بعد اب عمران خان کی باری ہے کیونکہ انہوں نے بھی الیکشن کمیشن اور عدالت میں جھوٹ بولا ہے، اگر عمران خان سچے ہیں تو پھر نواز شریف کی طرح عدالتوں سے کیوں بھاگ رہے ہیں؟۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کا عمران خان نے جو حشر کیا ہے کسی سے ڈھکی چھپی بات نہیں ہے،کے پی کے معدنی ذخائر پر جہانگیر ترین قابض ہے، کے پی کے عام کا لوٹا ہوا پیسہ عمران کی سیاسی عیاشیوں پر خرچ ہو رہا ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ بہروپیوں کا یہ ٹولا شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا ذکر کرکے ہمدردیاں حاصل کرنے میں ناکام ہوگا۔