زندہ اور باوقار قومیں اغیار کی طرف دیکھنے کی بجائے اپنے مسائل کا حل خود تلاش کرتی ہیں،وقت آگیا ہے امریکی امداد کا باب بند کیا جائے،وزیر اعلی پنجاب

 
0
375

لاہور اگست 25(ٹی این ایس) ٹرمپ کی پاکستان مخالف ہرزہ سرائی کے بعد جہاں دوست ممالک دفاع کیلئے آگے آئے ہیں ، وہیں ملکی قیادت بھی کسی سے پیچھے نہیں اور وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے اپنے ایک بیان میں  کہا ہے کہ زندہ اور باوقار قومیں اغیار کی طرف دیکھنے کی بجائے اپنے مسائل کا حل خود تلاش کرتی ہیں،کسی آزاد اور خودمختار قوم کے افراد کو کسی کی طرف سے یہ بتائے جانے کی ضرورت نہیں ہوتی کہ انہیں درپیش چیلنجز کی نوعیت کیا ہے اور یہ کہ ان چیلنجز سے عہدہ برآ ہونے کیلئے انہیں کونسا لائحہ عمل اختیار کرنا چاہیے۔وقت آ گیا ہے کہ اب پاکستان نہایت نرم الفاظ میں یہ کہتے ہوئے کہ ”ہم آپ کے شکرگزار ہیں“، امریکی امداد کا باب بند کردے،یہی وہ طریقہ ہے جس سے پاکستانی قوم ان ہزیمت آمیز طعنہ آرائی سے بچ سکے گی جس کا سامنا اسے اس وقت چہار اطراف سے کرنا پڑ رہا ہے،مجھے یقین ہے کہ پاکستان کے عوام اس موقع کو ہاتھ سے نہیں جانے دیں گے

انہوں نے کہاکہ یہ وہ موقع ہے جس سے فائدہ اٹھا کر ہم اوروں سے منصفانہ اور باعزت سلوک کی امید رکھنے کے ساتھ ساتھ عالمی امن اور خوشحالی کیلئے اپنا حصہ ڈالنے کے عزم پر کاربند بھی رہ سکیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کاکہناتھاکہ تاریخ گواہ ہے کہ جن قوموں نے اپنی مشکلات کے حل کیلئے بدیسی نسخوں کو ترجیح دی ان کے ہاتھ میں کچھ نہیں آیا،زندہ قوموں کے پاس چیلنجز کے ادراک کیلئے مطلوبہ دانش اور بصیرت بھی موجود ہوتی ہے اور وہ ان پر کامیابی سے قابو پانے کی صلاحیت بھی رکھتی ہیں،میں اپنے ہم وطن پاکستانیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ انہیں اس وقت پاکستان کو درپیش جغرافیائی و سیاسی اور سکیورٹی چیلنجز کو قدرت کی طرف سے مہیا گیا ایک موقع سمجھنا چاہیے،اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہم ایک حقیقی معنوں میں آزاد اور خودمختار پاکستان کے خد و خال کے تعین کے عمل کا آغاز کرسکتے ہیں۔

یہ وہ پاکستان ہے جس کا خواب بانیان پاکستان نے دیکھا تھا، جن کا مقصد پاکستان کی شکل میں ایک ایسے ملک کا قیام ممکن بنانا تھا جس کی بنیادیں برداشت، میانہ روی اور اسلامی فلاحی معاشرے کے اصولوں پر استوار ہوں اور جو دنیا میں امن، امید اور ترقی کا گہوارہ ہونے کی حیثیت میں پہچانا جائے۔