’’ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پربلا امتیازکارروائی کی جائے‘‘نگراں وزیر اعلی پنجاب

 
0
295

لاہور جولائی 07(ٹی این ایس)نگراں وزیراعلیٰ پنجاب حسن عسکری نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرقانون کےتحت بلا امتیازکارروائی کا حکم دے دیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ ضلعی و ڈویژنل انتظامیہ اور پولیس خلاف ورزی پرقانون کےتحت کارروائی کریں۔نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے، عام انتخابات کا پرامن اور شفاف انعقاد ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔نگراں وزیر اعلیٰ کو اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ انتخابات کے لیے اے کیٹیگری پولنگ اسٹیشنزکی تعداد 6335 ہے، بی کیٹیگری پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 16944 ہے۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ سی کیٹیگری پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 24201 ہے، پنجاب میں اب تک ضابطہ اخلاق کی 2832 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں۔اجلاس میں اہم سیاسی شخصیات کودرپیش خطرات کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی، جبکہ ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کے متعلق بھی حکام کو آگاہی دی گئی۔اجلاس کو بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے 854کشتیاں،17968 لائف جیکٹس دستیاب ہیں۔