مقبوضہ کشمیر: آسیہ اندرابی اور انکی ساتھیوں کی نئی دلی منتقلی کے خلاف آج مکمل ہڑتال ہے

 
0
446

سرینگر 07جولائی ( ٹی این ایس )مقبوضہ کشمیر میں دختران ملت کی غیر قانونی طور پر نظر بند سربراہ آسیہ اندرابی اور انکی ساتھیوں ناہیدہ نسرین اور فہمیدہ صوفی کو سینٹرل جیل سرینگر سے نئی دلی منتقل کرنے کی بھارتی تحقیقاتی ادارے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کی کارروائی کے خلاف آج مکمل ہڑتال ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ہڑتال کی کال سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل حریت قیادت نے دی ہے ۔ دکانین اور کاروباری مراکز بند ہیں جبکہ سڑکوں پر ٹریفک معطل ہے۔

مشترکہ حریت قیادت نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں این آئی اے کی کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے مزاحمتی رہنماؤں کے خلاف بدترین سیاسی انتقام قرار دیا۔ آسیہ اندرابی ،ناہیدہ نسرین اور فہمیدہ صوفی جھوٹے مقدمے میں سینٹرل جیل سرینگرمیں نظر بند تھیں تاہم این آئی اے نے بھارت کے خلاف جنگ چھیڑنے کے الزامات میں انہیں گزشتہ روز وہاں سے نئی دلی منتقل کر دیا۔این آئی اے نے آسیہ اندرابی اور انکی ساتھیوں کے خلاف جموں وکشمیر کی بھارت سے آزادی اور اس مقصد کے حصول کے لیے تحریک میں شدت لانے کے مطالبے کی پاداش میں رواں برس 26اپریل کو مقدمہ درج کر لیا تھا۔انہیں نئی دلی میں پٹیالہ ہاؤس عدالت میں پیش کیا گیا جس نے انہیں16جولائی تک دس روزہ ریمانڈ پر این آئی اے کی تحویل میں دیدیا۔