سانحہ تیز گام ایکسپریس کے بعد ایک اور ٹرین میں آتشزدگی کا واقعہ، ٹرین میں آگ لگنےکے باعث اپ اورڈاوَن ٹریک معطل، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

 
0
326

سکھر نومبر 01 (ٹی این ایس): سانحہ تیز گام ایکسپریس کے بعد آج ایک اور ٹرین میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا۔ تفصیلات کے مطابق سکھر ایکسپریس میں لوڈرا اسٹیشن کے قریب آگ لگ گئی۔ سکھر ایکسپریس کراچی سے جیکب آباد جارہی تھی کہ شکار پور کے قریب اسے آگ لگ گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ٹرین میں آگ کے باعث 2 بوگیوں کو نقصان پہنچا۔ حادثےکے بعد انجن اوردیگر بوگیوں کو الگ کردیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ سکھر ایکسپریس کی بوگیوں میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ۔علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پایا۔ٹرین میں آگ لگنےکے باعث اپ اورڈاؤن ٹریک معطل ہو گیا تھا۔ آگ بجھانےکےبعد سکھرایکسپریس کو منزل کی طرف روانہ کردیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ آگ کے باعث دو بوگیوں کو نقصان پہنچا، حادثے میں جانی نقصان نہیں ہوا۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز بھی کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس میں رحیم یار خان میں لیاقت پور کے قریب حادثہ پیش آیا تھا اور ٹرین میں گیس سلنڈر پھٹنے سے اس کی تین بوگیوں میں آگ لگ گئی تھی۔
اس حادثے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 74 ہو چکی ہے۔ جبکہ حادثے میں 40 سے زائد افراد زخمی ہوئے جس میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔ سانحہ کے عینی شاہد نے کہا کہ رات سے ہی بوگی سے بدبو آ رہی تھی ۔ بدبو آنے پر ٹرین انتظامیہ کو آگاہ کیا تھا لیکن کوئی ازالہ نہیں ہو سکا۔ عینی شاہد نے دعویٰ کیا کہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔ عینی شاہد نے کہا کہ میڈیا پر یہ خبر چلائی جا رہی ہے کہ حادثہ سلنڈر پھٹنے سے ہوا حالانکہ ایسی کوئی بات نہیں ہے۔عینی شاہد کے مطابق ریلوے حکام کے ساتھیوں نے بتایا کہ پنکھے میں تین چار دنوں سے شارٹ سرکٹ تھا۔ شارٹ سرکٹ ہوا اور پنکھا نیچے گر گیا جس سے آگ لگی۔